وزارت مالیات کا ملازم جاسوسی کے الزام میں گرفتار، دوسرے ممالک کو بھیجی جا رہی تھی خفیہ جانکاری
پولیس نے ملزم کے پاس سے ایک موبائل فون ضبط کیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ اسی فون سے وہ جاسوسی کا کام انجام دے رہا تھا، اس کیس میں ’آفیشیل سیکریٹ ایکٹ‘ کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔
وزارت مالیات کے ایک ملازم کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملازم کا نام سُمت بتایا جا رہا ہے جو کہ وزارت میں کانٹریکٹ پر کام کر رہا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سُمت پر الزام ہے کہ اس نے پیسوں کے بدلے میں وزرات مالیات سے جڑی جانکاری دوسرے ممالک کو دے رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سُمت نے وزارت میں کام کے دوران خود کو مشتبہ سرگرمیوں میں شامل کیا اور پیسوں کے بدلے میں ایسی خفیہ جانکاریاں دوسرے ممالک کو بھیجی گئیں جو ہندوستان کے لحاظ سے حساس تھیں۔
پولیس نے سُمت کے پاس سے ایک موبائل فون ضبط کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی فون سے وہ جاسوسی کا کام انجام دے رہا تھا۔ اس کیس میں ’آفیشیل سیکریٹ ایکٹ‘ کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ سُمت کے بارے میں یہ جانکاری نہیں دی گئی ہے کہ وہ کب سے وزارت مالیات میں کام کر رہا تھا اور کس طرح کی جانکاری بیرون ممالک بھیجی گئی ہیں۔ کن ممالک کو خفیہ جانکاریاں دی گئی ہیں، اس بارے میں بھی پولیس نے کوئی جانکاری نہیں دی ہے۔ چونکہ معاملہ وزارت مالیات سے جڑا ہوا ہے، اس لیے پوری جانچ کے بعد ہی پولیس کی طرف سے باضابطہ کوئی بیان آنے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ جس آفیشیل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت سُمت کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے، وہ سرکاری ملازمین اور عام شہریوں پر نافذ ہوتا ہے۔ اس قانون کے تحت جو بھی شخص جاسوسی میں شامل ہوگا، ملک سے غداری والے عمل میں ملوث پایا جائے گا، اور ایسے کام کرے گا جو ملک کے وقار کو مجروح کرتا ہو، اس پر کارروائی کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔