تالوں کے لیے مشہور علی گڑھ کے بزرگ جوڑے نے رام مندر کے لیے بنایا 400 کلو کا تالا

65 سالہ ستیہ پرکاش کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ تالا مزدور ہیں، ان کا کہنا ہے کہ رام مندر کے لیے جو تالا انھوں نے تیار کیا ہے اس کے لیے سود پر پیسے لے کر کام کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کا عمل زور و شور سے جاری ہے۔ اس درمیان تالوں کے لیے مشہور شہر علی گڑھ کے بزرگ جوڑے نے رام مندر کے لیے ایک ایسا تالا تیار کیا ہے جو لوگوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ ’نوبھارت ٹائمز‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق علی گڑھ جوالاپوری کے رہنے والے ستیہ پرکاش نے اپنی بیوی رکمنی کے ساتھ مل کر دنیا کا سب سے بڑا تالا تیار کیا ہے۔ اس تالے کی لمبائی 10 فٹ بتائی جا رہی ہے اور دعویٰ یہ بھی کیا جا رہا ہے کہ اس کا وزن 400 کلوگرام ہے۔ اس تالے کو کھولنے کے لیے جو چابھی بنائی گئی ہے اس کا وزن 30 کلو بتایا جا رہا ہے۔

آئی اے این ایس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بزرگ جوڑے نے یہ تالا ایودھیا میں بن رہے رام مندر کو بطور تحفہ پیش کرنے کے لیے تیار کیا ہے۔ تقریباً 2 لاکھ روپے کی لاگت سے بنے اس تالے کو بنانے میں 6 مہینے کا وقت لگا۔ اس تالے پر رام دربار کا عکس بھی تیار کیا گیا ہے۔ ایک دیگر میڈیا رپورٹ میں تالے کی موٹائی 6 انچ بتائی گئی ہے۔ یہ تالا لوہے کا ہے جس کا کڑا 4 فیٹ ہے۔ اس کے لیے دو چابیاں تیار کیے جانے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔


65 سالہ ستیہ پرکاش کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ تالا مزدور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فن کو فروغ دینے کے لیے سرکاری مدد کی ضرورت ہے۔ ابھی جو تالا انھوں نے تیار کیا ہے اس کے لیے سود پر پیسے لے کر کام کیا گیا ہے۔ ستیہ پرکاش کا کہنا ہے کہ ایودھیا بھیجنے سے پہلے اس تالے میں کئی طرح کے بدلاؤ کیے جائیں گے۔ مثلاً باکس، لیور، ہڑکا کو پیتل سے تیار کیا جائے گا۔ تالے پر اسٹیل کی اسکریپ سیٹ لگائی جائے گی تاکہ اس پر زنگ نہ لگے۔ حالانکہ اس کے لیے کافی پیسے لگیں گے اور وہ لوگوں سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔