پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل کل جماعتی اجلاس طلب، ٹی ایم سی نے اٹھائے کئی مسائل
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس پیر یعنی کہ کل سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ اجلاس شروع ہونے سے ایک روز قبل آج حکومت کی جانب سے کل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا
نئی دہلی: پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس پیر یعنی کہ کل سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ اجلاس شروع ہونے سے ایک روز قبل آج حکومت کی جانب سے کل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں متعدد لیڈران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے بھی اتوار کی شام پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے سیاسی جماعتوں کے مختلف نمائندگان کا اجلاس طلب کیا ہے۔
حکومت کی طرف سے کل اجماعتی اجلاس 11.30 بجے طلب کیا گیا تھا جس میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھڑگے، ادھیر رنجن چودھری، آنند شرما، ترنمول کانگریس کے سودیپ بنرجی، ڈیرک او برائن، ڈی ایم کے سے ٹی آر بالو، ٹی شیوا اور این سی پی سے شرد پوار نے شرکت۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اجلاس کے دوران ٹی ایم سی نے حکومت کے سامنے متعدد مسائل کو اٹھایا۔
ٹی ایم سی کی جانب سے جن مسائل کو اٹھایا گیا ان میں بیروزگاری، ایندھن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی بے تحاشہ قیمتیں، ایم ایس پی پر قانون سازی، وفاقی نظام کو کمزور کیا جانا، پیگاسس جاسوسی، کورونا کی صورت حال وغیرہ شامل ہیں۔
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس کافی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ حکومت اس کے دوران تین متنازعہ زرعی قوانین کو واپس لینے کے تعلق سے بل پیش کرنے جا رہی ہے۔ اس بل کے دوران حزب اقتدار اور حزب اختلاف میں نوک جھونک ہونے کی توقع ہے۔
پارلیمنٹ کے اس اجلاس کے دوران حزب اختلاف کی جانب سے پیگاسس سپائی ویئر کے ذریعے فون کی جاسوسی کا معاملہ بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس کافی ہنگامہ خیز ہو سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔