لوک سبھا اسپیکر کا طلب کیا گیا کل جماعتی اجلاس بغیر کسی نتیجہ کے اختتام پذیر
اوم برلا کی جانب سے طلب کئے گئے تمام جماعتوں کے لیڈران کے اس کل جماعتی اجلاس کے بے نتیجہ رہنے کے بعد ایوان کی کارروائی کے چلنے کے آثار فی الحال کم ہی نظر آتے ہیں۔
نئی دہلی: پارلیمنٹ میں جاری تعطل کو ختم کرنے کے لئے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی جانب سے طلب کیا گیا کل جماعتی اجلاس بغیر کسی نتیجہ کے اختتام پذیر ہو گیا۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس نے ذرائع کے حوالہ سے اطلاع دی کہ اجلاس میں لوک سبھا اسپیکر برلا نے دونوں فریقین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے مسائل کو الگ رکھ کر ایوان کی کارروائی کو چلنے دیں۔ تاہم دونوں ہی فریق اپنے اپنے مطالبات پر بضد رہے۔
اوم برلا کی جانب سے طلب کئے گئے تمام جماعتوں کے لیڈران کے اس کل جماعتی اجلاس کے بے نتیجہ رہنے کے بعد ایوان کی کارروائی کے چلنے کے آثار فی الحال کم ہی نظر آتے ہیں۔ خیال رہے کہ بی جے پی جہاں لگاتار راہل گاندھی کے لندن میں دیئے گئے بیان کے حوالہ سے ان سے معافی کا مطالبہ کر رہی ہے، وہیں حزب اختلاف لگاتار اڈانی کے معاملہ پر جانچ کے لئے جے پی سی کی تشکیل کا مطالبہ کر رہا ہے۔
کانگریس پارٹی اڈانی معاملہ پر جے پی سی کے ساتھ گزشتہ کچھ دنوں سے راہل گاندھی کے لوک سبھا میں بولنے دینے کے لئے بھی وقت کا مطالبہ کر رہی ہے۔ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے درمیان جاری گھمسان کے سبب گزشتہ 7 دنوں سے ایوان میں کوئی کام کاج نہیں ہو پایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔