علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وی سی طارق منصور یوپی قانون ساز کونسل کے رکن نامزد
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وی سی طارق منصور کے علاوہ رام مندر نرمان سمیتی کے سربراہ نرپیندر مشرا کے بیٹے ساکیت مشرا کو بھی یوپی قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کیا گیا ہے
لکھنؤ: اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے ریاست کی یوپی قانون ساز کونسل میں 6 نامزدگیوں کے لیے بھیجی گئی یوگی حکومت کی سفارش کو منظوری دے دی ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر طارق منصور اور رام مندر نرمان سمیتی کے چیئرمین نرپیندر مشرا کے بیٹے ساکیت مشرا کو اتر پردیش قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ حکومت اتر پردیش کے خصوصی سکریٹری چندر شیکھر کی طرف سے پیر کی رات دیر گئے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گورنر نے آٹھ خالی آسامیوں پر 6 لوگوں کو ایم ایل سی کے طور پر نامزد کیا ہے۔
دیگر چار ناموں میں امبیڈکر مہاسبھا کے صدر لال جی پرساد نرمل، بی جے پی برج ریجن یونٹ کے سابق سربراہ رجنی کانت مہیشوری، بی جے پی کے وارانسی ضلع یونٹ کے سربراہ ہنس راج وشوکرما اور اعظم گڑھ کے رام سورت راج بھر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گورنر ایوان بالا کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 اراکین کو نامزد کر سکتا ہے۔ بی جے پی اور وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ ساکیت مشرا ایک انویسٹمنٹ بینکر، پالیسی کنٹریبیوٹر اور پوروانچل ڈیولپمنٹ بورڈ کے مشیر ہیں۔ وہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، کلکتہ اور سینٹ اسٹیفن کالج کے سابق طالب علم ہیں۔
اتر پردیش کی 100 رکنی قانون ساز کونسل میں فی الحال بی جے پی کے 74 ارکان ہیں، جبکہ اہم اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی کے 9 ارکان ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)، اپنا دل (سونے لال)، نربل انڈین شوشیت ہمارا عام دل (نشاد)، جن ستا دل لوک تانترک اور شکشک دل (غیر سیاسی) کے ایک ایک رکن ہیں۔ آزاد گروپ اور آزاد امیدواروں کے دو دو ارکان ہیں۔ آٹھ نشستیں خالی تھیں جن میں سے چھ پر کر دی گئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔