اے ایم یو طلبا یونین انتخاب: سلمان امتیاز اور آفرین فاطمہ کی جیت
صدر عہدے پر علی گڑھ کے امتیاز اور غزنوی کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، سلمان نے شروع سے ہی غزنوی پر سبقت بنائے رکھی، حتمی نتائج کے اعلان کے بعد سلمان نے تاریخ رقم کر دی۔
علی گڑھ: اے ایم یو (علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) طلبا یونین انتخابات کے نتائج کا اتوار کی صبح اعلان کر دیا گیا۔ تقریباً 19 ہزار طلبا میں سے 65 فیصد طلبہ و طالبات نے انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ ہفتہ کی رات 7 بجے سے ووٹ شماری کا عمل شروع کیا گیا۔
صدر عہدے پر علی گڑھ شہر کے امتیاز اور امروہہ کے غزنوی کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، غزنوی کرکٹر محمد سمیع کے بہنوئی ہیں۔ سلمان نے شروع سے ہی غزنوی پر سبقت بنائے رکھی۔ حتمی نتائج کے اعلان کے بعد سلمان نے تاریخ رقم کر دی۔
غور طلب ہے کہ اے ایم یو کی تاریخ میں 44 سال بعد کوئی مقامی شہری طلبا یونین کا صدر منتخب ہوا ہے، اس سے پہلے علی گڑھ کے مرشد خان نے جیت حاصل کی تھی۔
دوسری جیت جو زیر بحث ہے وہ سکریٹری عہدے پر حذیفہ عامر کی جیت ہے۔ انہوں نے ریکارڈ جیت حاصل کی ہے۔ وہ علما کونسل کے صدر عامر رشیدی کے بیٹے ہیں اور پارٹی کے جنرل سکریٹری طلحہ رشیدی کے بھائی ہیں۔ طلحہ کے مطابق خاندان میں جشن کا ماحول ہے۔
نائب صدر کے عہدے پر حمزہ سفیان نے جیت حاصل کی ہے وہ اعظم گڑھ کے سرائے میر کے رہائشی ہیں۔ اس کے علاوہ الہ آباد کی آفرین نے ویمنس صدر عہدہ حاصل کیا ہے۔
نتائج کے اعلان سے قبل اے ایم یو کیمپس میں بھاری پولس فورس کو تعینات کیا گیا تھا۔ کل 20 ہزار طلبا میں سے 65 فیصد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ جیت حاصل کرنے کے بعد امتیاز نے کہا ’’میں چناؤ کے دوران طلبا کے سامنے کئے گئے وعدوں پر کھرا اترنے کی کوشش کروں گا اور اپنے انتخابی منشور پر عمل کرنے کی کوشش کروں گا۔‘‘ امتیاز نے مزید کہا کہ جنہوں نے ان کے ساتھ چناؤ میں مقابلہ کیا وہ بھی ان کے بھائی ہیں اور سب کے ساتھ مل کر طلبا مفاد میں کام کیا جائے گا۔
ویمنس کالج کی صدر آفرین نے جیت کے فوری بعد احتجاجی دھرنے پر بیٹھنے کا اشارہ دیا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے جو وعدے کئے ہیں اگر پورے نہ کئے گئے تو وہ دھرنے پر بیٹھ جائیں گی۔
صدر عہدے پر جیت حاصل کرنے والی آفرین فاطمہ بی اے سال آخر کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے سدراعشرت (بی ایس سی سال آخر) کو 98 ووٹوں سے ہرایا ہے۔ آفرین کو 726 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ سدرا کو 628 ووٹ ہی مل سکے۔ ثمرا قیام نے 623 ووٹ حاصل کئے۔ اس کے علاوہ ناحید حسن کو نائب صدر اور میمونہ کو سکریٹری کے عہدے پر کامیابی حاصل ہوئی۔
اس کے علاوہ کابینہ میں بھی 8 ارکان کا انتخاب کیا گیا ہے۔ آفرین خان، نبا رحمن، سبا حبیب، حالہ مسرور، الوینہ رحمن اور سائمہ شوکت الینا کو کابینہ میں مقام حاصل ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔