اے ایم یو انتظامیہ پی ایچ ڈی امیدواروں کی شکایات کے تئیں سنجیدہ
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کے ذریعہ تشکیل دی گئی سینئر اہلکاروں کی ایک ٹیم نے پی ایچ ڈی داخلہ امتحان2017-18کے سلسلہ میں کچھ طلبہ کے ساتھ بات چیت کی ۔ کمیٹی نے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے 4؍طلبہ کے معاملہ کی جانچ کی اور انھیں پی ایچ ڈی داخلہ کے لئے انٹرویو میں شامل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔ اس کے علاوہ شعبۂ ہندی میں پی ایچ ڈی داخلہ سے متعلق امیدواروں کی شکایات کے سلسلہ میں ایک انکوائری شروع کی گئی ہے۔
جانچ کمیٹی نے احتجاجی طلبہ سے گفتگو کی اور ان سے کہاکہ وہ انفرادی طور سے اپنی شکایت سے مطلع کریں۔ طلبہ کو یقین دلایا گیا کہ داخلہ امتحان کی ان کی کاپیوں کی جانچ دوبارہ کی جائے گی ۔اگر شکایت کو درست پایا جاتا ہے تو یونیورسٹی کی جانب سے ایسے امیدواروں کا انٹرویو دوبارہ منعقد کرایا جائے گا۔
یونیورسٹی نے مذکورہ بالا تجاویز پر اتفاق کے باوجود کچھ طلبہ کے ذریعہ احتجاج جاری رکھنے ، کچھ شعبوں میں انٹرویو کے عمل میں رخنہ ڈالنے اور قانون اپنے ہاتھ میں لئے جانے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ یونیورسٹی نے یہ واضح کیا ہے کہ پی ایچ ڈی امیدواروں کی شکایات کی انکوائری کی جائے گی اور ضابطہ کے مطابق ان کا ازالہ کیا جائے گا، بشرطیکہ طلبہ یونیورسٹی کی معمول کی کارروائی میں رکاوٹ نہ پیدا کریں۔
یونیورسٹی نے تعلیمی سال 2017-18کے لئے مختلف شعبوں میں پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹسٹ اور انٹرویو کے نظام الاوقات کا اعلان کیا تھا۔ جن امیدواروں نے تحریری امتحان میں 40؍نمبر حاصل کئے انھیں یوجی سی کے ضابطوں کے مطابق پرزنٹیشن اور انٹرویو کے لئے بلایا گیا۔ تاہم تحریری امتحان میں 50فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کی ایک قلیل تعداد نے انتظامیہ کے خلاف الزامات لگاکر احتجاج شروع کردیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔