امرت لال مینا ہوں گے بہار کے نئے چیف سکریٹری، مرکز نے کیا سنٹرل ڈیپوٹیشن سے آزاد
نتیش کمار کے بھروسہ مند مانے جانے والے 1989 بیچ کے آئی اے ایس افسر امرت لال مینا کو 35 برسوں کا انتظامی تجربہ ہے اور وہ بہار میں کئی محکموں کے اہم عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔
پٹنہ: امرت لال مینا بہار کے نئے چیف سکریٹری ہوں گے، جوکہ 1989 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ ابھی مرکز میں وزارت کوئلہ کے سکریٹری کے عہدے پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔ جمعہ کو انہیں مرکزی حکومت نے ان کے عہدے سے آزاد کر دیا جس کے بعد ان کے لیے بہار کا نیا چیف سکریٹری بننے کا راستہ صاف ہو گیا۔ آج ہی بہار کے نئے چیف سکریٹری کے سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری ہونے والا ہے۔ واضح ہو کہ موجودہ چیف سکریٹری برجیش مہروترا ہفتہ کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
امرت لال مینا کے پاس 35 برسوں کا انتظامی تجربہ ہے۔ اپنے طویل کیریئر میں انہوں نے کئی اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔ چیف سکریٹری بننے کے ساتھ ہی اب ان کے پاس بہار کے سب سے بڑے انتظامی عہدے کی ذمہ داری ہوگی۔ قابل ذکر ہو کہ مینا کو نتیش کمار کے خاص اور بھروسہ مند افسروں میں مانا جاتا ہے۔
مرکزی حکومت کے پرسنل، پبلک گریوانسس اور وزارت پنشن نے جمعہ کو امرت لال مینہ کو سنٹرل ڈیپوٹیشن سے آزاد کئے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ حکومت بہار نے اس سسلسلے میں مرکزی حکومت سے گزارش کی تھی۔ حالیہ دنوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب سنٹرل ڈیپوٹیشن پر گئے بہار کیڈر کے آئی اے ایس افسر کو بلاکر چیف سکریٹری بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل دیپک کمار کو سنٹرل ڈیپوٹیشن سے واپس بلاکر کچھ دنوں کے لیے ڈیولپمنٹ کمشنر اور پھر چیف سکریٹری بنایا گیا تھا۔
غور طلب رہے کہ امرت لال مینا 2021 کے ستمبر میں سنٹرل ڈیپوٹیشن پر جانے سے پہلے محکمہ سڑک تعمیرات کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کے طور پر کام کر رہے تھے۔ ویسے وہ بہار میں کئی محکموں بالترتیب شہری ترقیات اور پنچایتی راج محکمہ میں بھی کام کر چکے ہیں۔ ایک وقت وہ مرکز میں دیہی ترقیات کے وزیر رہے رگھوونش پرساد سنگھ کے سکریٹری بھی تھے۔ امرت لال مینا اگلے سال اگست میں ریٹائر ہونے والے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔