’اے ایم پی‘ اور ’جامعہ ہمدرد‘ کے ذریعہ کامیاب میگا جاب فیئر کا انعقاد
جاب فیئر میں 40 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیاں 6500 سے زائد جاب آفر کے ساتھ موجود رہیں، جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر افشار عالم اور فاروق صدیقی نے کہا کہ جلد میگا جاب فیئر کا انعقاد دوبارہ کیا جائے گا۔
نئی دہلی: ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز اور جامعہ ہمدرد یونیورسٹی اور بی ای بی کے زیر اہتمام 22 دسمبر کو جامعہ ہمدرد یونیورسٹی میں منعقد ہونے والا میگا جاب میلہ انتہائی کامیاب رہا۔ جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر افشار عالم نے اس تعلق سے کہا کہ اس میگا جاب فیئر نے تاریخ رقم کی ہے جس میں 40 سے زائد ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں 6500 سے زائد جاب آفر کے ساتھ موجود رہیں۔ ملازمت کے متلاشیوں کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ جامعہ ہمدرد کے ساتھ اے ایم پی آئندہ 2 ماہ میں، ایک اور بڑا جاب فیئر دوبارہ منعقد کرے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار ملے۔
انہوں نے اس موقع پر اے ایم پی کے تعاون کی تعریف کی۔ ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز این جی او کے ہیڈ فاروق صدیقی نے بتایا کہ اس جاب فیئر میں نوکریوں کی تلاش میں ہزاروں نوجوانوں نے رجسٹریشن کروایا اور جامعہ ہمدرد کے کنونشن سینٹر میں سیمسنگ، ووڈافون، ریلی گیئر، شیڈو فاکس، آر بی ایل بینک، بینک آف بڑودہ، پے ٹی ایم، ہمدرد لیب، پورٹیا، کیئر ہیلتھ، آئیکیا، ریپ ہاسپیٹلیٹی سمیت 40 سے زائد ملٹی نیشنل، انڈین کمپنیاں شامل ہوئیں۔
ان کمپنیوں نے موقع پر ہی 1000 سے زائد طلباء اور بے روزگاروں کو فائنل سلیکشن یا اگلے راؤنڈ کے لیے منتخب کر لیا۔ تاہم فائنل راؤنڈ کے لیے تمام دستاویزات کے ساتھ کمپنی کے دفتر میں بلایا گیا ہے۔ فاروق صدیقی نے کہا کہ ملازمتوں کی تلاش میں نہ صرف دہلی بلکہ ہریانہ، اتر پردیش، راجستھان اور بہار سے بھی لوگوں نے حصہ لیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مختلف شہروں میں اس طرح کی تقریبات منعقد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ اس جاب فیئر میں کسی قسم کی کوئی فیس نہیں رکھی گئی تھی جس کی تمام طلباء نے بہت تعریف کی۔ فاروق صدیقی نے بتایا کہ ان کی ٹیم آنے والے وقت میں تمام رجسٹرڈ طلباء کی پیشہ ورانہ رہنمائی بھی کرے گی تاکہ وہ اپنے کیرئیر میں مزید اچھی طرح سے آگے بڑھ سکیں۔ بی اے بی اور ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کے او ایس ڈی شوکت مفتی نے کہا کہ ہمدرد یونیورسٹی کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا جاب فیئر تھا، جس میں ہر سماج کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس میں دور دراز اور کمزور طبقات سے آنے والے بچوں کی بڑی تعداد تھی۔
فاروق صدیقی نے بتایا کہ اے ایم پی ملک کے مختلف شہروں میں وقتاً فوقتاً اس طرح کے جاب فیئرز کا انعقاد کرتی رہی ہے اور اب تک ایسے ہی روزگار میلوں سے لاکھوں لوگوں کو نوکریاں مل چکی ہیں۔ جاب فیئر کے علاوہ اے ایم پی اسکول ڈیولپمنٹ پروگرام، کونسلنگ، ٹریننگ، مینٹورنگ، ویب ٹاک، پرسنالٹی ڈیولپمنٹ پروگرام، اسکل ڈیولپمنٹ وغیرہ ملک میں سماج کے تمام طبقات کے لیے 14 سال تک مفت پروگرام منعقد کر رہی ہے۔
آج کے جاب فیئر کو کامیاب بنانے کے لیے جامعہ ہمدرد کی ڈین پروفیسر منجو چغانی اور ان کی رضاکار ٹیم کے ساتھ عبدالرزاق شیخ، افتخار بیدکر، ای اے سی ڈپارٹمنٹ کے شاہد حیدر، احسان چشتی، آئی جی سید، فیصل پٹھان، عرفات قاضی اور ظہور الاحسن کا خصوصی تعاون رہا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔