ملک کے آلودہ ترین شہروں میں کٹیہار سرفہرست، راجدھانی دہلی دوسرے مقام پر
ملک میں فضائی آلودگی کی سطح میں بہتری نظر نہیں آ رہی ہے اور مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بہار کا کٹیہار ملک کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں سر فہرست ہے
نئی دہلی: ملک میں فضائی آلودگی کی سطح میں بہت زیادہ بہتری نظر نہیں آ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ درریں اثنا، مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بہار کا کٹیہار ملک کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں سر فہرست ہے۔
وہیں، ملک کی راجدھانی دہلی انتہائی خراب اے کیو آئی کے ساتھ ایئر کوالٹی انڈیکس میں دوسرے مقام پر ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ نے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار میں 163 مختلف شہروں کی آلودگی کی سطح کی پیمائش کی ہے۔ اس کے مطابق بہار کے کٹیہار میں 7 نومبر کو 163 ہندوستانی شہروں میں سب سے زیادہ اے کیو آئی (ایئر کوالٹی انڈیکس) 360 تھا۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ دوسرے مقام پر دہلی کا اے کیو آئی 354 تھا۔ جبکہ این سی آر میں نوئیڈا کا اے کیو آئی 328 اور غازی آباد کا اے کیو آئی 304 تھا۔
اس کے علاوہ، بہت سے دوسرے شہروں میں آلودگی کی سطح کو انتہائی ناقص قرار دیا گیا۔ بہار کے بیگوسرائے میں اے کیو آئی 339، ہریانہ کے فرید آباد میں 338، بلبھ گڑھ میں 334 درج کیا گیا۔ جبکہ بہار کے سیوان میں اے کیو آئی 331، سونی پت میں 324، گوالیار میں 312 اور گروگرام میں 305 ریکارڈ کیا گیا۔
فضائی آلودگی میں بہتری نہ ہونے کے سبب دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے اتر پردیش اور ہریانہ کے وزرائے اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ راجدھانی کی سرحدوں پر ٹریفک جام سے بچنے کے لیے غیر ضروری سامان لے جانے والے ٹرکوں کو پیریفرل ایکسپریس وے پر منتقل کرنے کی کوشش کریں۔ اس کے ساتھ ہی پرالی جلانے کے واقعات میں بھی کوئی خاص کمی نظر نہیں آئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔