ایمنسٹی انٹرنیشنل کا ہندوستان میں کام کاج بند، حکومت ہند پر ہراساں کرنے کا الزام
ایمنسٹی نے کہا ہے کہ حکومت ہند کی جانب سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بینک کھاتے مکمل طور پر منجمد ہو چکے ہیں، اس کی معلومات ادارے کو 10 ستمبر کو ہوئی۔ اس کی وجہ سے تنظیم کا کام مکمل طور پر ٹھپ ہو گیا ہے۔
نئی دہلی:انسانی حقوق سے وابستہ بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے منگل کے روز اپنا کام بند کر دیا ہے۔ تنظیم نے الزام لگایا ہے کہ ہندوستانی حکومت نے رواں سال کے آغاز میں کارروائی کرتے ہوئے اس کے بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا تھا، جس کے بعد اسے اپنے بیشتر عملے کو نکالنا پڑا۔
تنظیم نے حکومت ہند کی طرف سے اس کو ہراساں کرنے اور نشانہ بنائے جانے کا الزام لگایا ہے۔ وہیں، حکومت کا کہنا ہے کہ اس ادارے نے غیر ملکی تعاون (ریگولیشن) قانون کے تحت کبھی اندراج نہیں کرایا، جو غیر ملکی فنڈز کے لئے ضروری ہوتا ہے۔
ایمنسٹی نے ایک پریس ریلیز جاری کر کے کہا ہے کہ ’'حکومت ہند کی جانب سے ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے بینک کھاتے مکمل طور پر منجمد ہو چکے ہیں، اس کی معلومات ادارے کو 10 ستمبر کو ہوئی۔ اس کی وجہ سے تنظیم کا کام مکمل طور پر ٹھپ ہو گیا ہے۔‘‘ تنظیم کا مزید کہنا ہے کہ اسے اپنے عملے کو ہٹانے پر مجبور کیا گیا ہے اور انہیں ہندوستان میں چلائی جانے والی مہمات اور تحقیق وغیرہ کو بند کرنا پڑا ہے۔
ایمنسٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ ’’یہ حکومت ہند کی جانب سے بے بنیاد اور محرک الزامات کی بنیاد پر انسانی حقوق کے اداروں کے خلاف مسلسل چلائی جانے والی کارروائی کا اگلا مرحلہ ہے۔‘‘ تنظیم نے دعوی کیا ہے کہ اس نے تمام ہندوستانی اور بین الاقوامی قوانین کی تعمیل کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔