جموں و کشمیر: اگلے 15 دن تک فون سروسز نہیں ہوگی بحال، پنچوں اور سرپنچوں کو ملے گی سیکورٹی

وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے ایک وفد کو یقین دلایا ہے کہ ان کو پولس سیکورٹی دی جائے اور ان کا انشورینس کرایا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان سے واضح ہو گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں فون سروسز بحال ہونے میں ابھی 15 دن لگیں گے۔ اس کے ساتھ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے پنچوں اور سرپنچوں کے ایک وفد کو یقین دلایا ہے کہ ان کو نہ صرف پولس سیکورٹی فراہم کی جائے گی بلکہ ان کا انشورینس بھی کرایا جائےگا۔ اب ان پنچوں، سرپنچوں اور ان کے گھر والوں کو یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ وزیر داخلہ نے جو ان کو یقین دہانی کرائی ہے وہ ان کے لئے اچھی خبر ہے یا بری خبر ہے۔ یہ بات اس وفد کے ارکان اور ان کے گھر والوں کے دماغ میں ضرور آ رہی ہوگی کہ انشورینس فراہم کرانے کا مطلب ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔

واضح رہے گزشتہ سال جموں و کشمیر میں پنچایت کے انتخابات ہوئے تھے اور ان منتخب پنچوں اور سر پنچوں کے وفد نے ہی آج وزیر داخلہ سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں ہی امت شاہ نے ان لوگوں سے دو دو لاکھ کے انشورینس کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کپواڑا کے سرپنچ میر جنید نے کہا ’’ہم نے وزیر داخلہ سے سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے کہا تھا اور انہوں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ انتظامیہ سیکورٹی فراہم کرے گی‘‘۔ شری نگرکے ہرون ضلع سے سر پنچ زبیر نشات بھٹ نے کہا کہ وزیر داخلہ نے یہ بھی یقین دلایا ہے کہ ہر پنچ اور سر پنچ کو دو لاکھ روپے کا انشورینس کور فراہم کیا جائے گا۔


امت شاہ نے یہ بھی یقین دلایا کہ اگلے15 دنوں میں جموں و کشمیر میں فون سروسز بحال ہو جائیں گی یعنی فون خدمات اگلے پندرہ دن تک بحال نہیں ہوں گی۔ اے بی پی نیوز چینل کو جنید نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے پنچ اور سرپنچوں کو بتایا ہے کہ جیسا پارلیمنٹ میں وعدہ کیا گیا ہے کہ حالات نارمل ہونے پر جموں و کشمیر کا ریاست کا درجہ بحال کر دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔