’کہیں لال باغ کے راجہ کو امت شاہ گجرات لے کر نہ چلے جائیں‘، سنجے راؤت نے وزیر داخلہ پر کیا طنز
شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر کا کہنا ہے کہ ’’ہمارا لال باغ کے راجہ کے ساتھ گہرا رشتہ ہے، کوئی بھی یہ ناطہ نہیں توڑ سکتا، لیکن بی جے پی کا ’ویاپار منڈل‘ کچھ بھی کر سکتا ہے۔‘‘
شیوسینا یو بی ٹی لیڈر سنجے راؤت نے پیر کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے بی جے پی ممبئی کی وراثتوں کو گجرات ایکسپورٹ کر رہی ہے، کہیں وہ لال باغ کے راجہ کو بھی لے کر وہاں نہ چلی جائے۔
سنجے راؤت نے امت شاہ کے حالیہ ممبئی دورہ کے ضمن میں کہا کہ ’’اس بار آئے ہیں تو لوگوں کو ڈر لگنے لگا ہے کہ کہیں وہ لال باغ کے راجہ کو گجرات لے کر تو نہیں جائیں گے۔ بی جے پی نے ممبئی کی ثقافتی وراثت کو گجرات لے جانے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے ممبئی کی شناخت کے دیگر پہلوؤں کے ساتھ بھی یہی کیا ہے۔ اس بار جب امت شاہ آئے تو لوگوں کو خوف تھا کہ وہ لال باغ کے راجہ کو لے جا سکتے ہیں، کیونکہ وہ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔‘‘
شیوسینا یو بیٹی لیڈر کا کہنا ہے کہ ’’ہمارا لال باغ کے راجہ کے ساتھ گہرا رشتہ ہے۔ کوئی بھی یہ ناطہ نہیں توڑ سکتا ہے۔ لیکن بی جے پی کا ’ویاپار منڈل‘ کچھ بھی کر سکتا ہے۔‘‘ راؤت نے مزید کہا کہ بالا صاحب ٹھاکرے نے بامبے کو ممبئی کرنے کے لیے تحریک چلائی تھی جس میں کئی سیاسی پارٹیوں کے لوگ شامل تھے۔ بہت سے سماجی کارکنان بھی اس میں شریک تھے۔ لیکن امت شاہ کہتے ہیں کہ یہ انھوں نے کیا۔ ادھو گروپ کے لیڈر نے مزید کہا کہ ’’کیا بولیں گے لال باغ کا راجہ کی تعمیر ہم نے کی۔ ممبئی کے لیے 105 مراٹھیوں نے اپنی قربانی دی۔ ہمیں توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، کنگال بنا کر سب کچھ گجرات لے کر جانا چاہتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ گزشتہ دنوں ممبئی میں تھے۔ یہاں انھوں نے لال باغ کے راجہ کی زیارت کی تھی۔ ساتھ ہی یہاں پر کچھ تقاریب میں شامل بھی ہوئے تھے۔ اب پیر کے روز امت شاہ نے اپنے ایک ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی رہائش پر گنپتی بپا کا دَرشن پوجن کیا۔ گنپتی بپا سے سبھی کی خوشی، امن اور خوشحالی کی دعا کرتا ہوں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔