کابینہ توسیع کی ہلچل کے درمیان مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے دیا استعفیٰ

مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر خراب صحت کی وجہ سے استعفیٰ دینے کی بات کہی ہے۔

رمیش پوکھریال نشنک، تصویر آئی اے این ایس
رمیش پوکھریال نشنک، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ایک طرف مودی کابینہ میں توسیع کو لے کر سیاسی ہلچل اپنے عروج پر دکھائی دے رہی ہے، اور دوسری طرف مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر خراب صحت کی وجہ سے استعفیٰ دینے کی بات کہی ہے۔

دراصل رمیش پوکھریال نشنک کو کچھ دن قبل کورونا انفیکشن ہو گیا تھا اور ان کا علاج ایمس اسپتال میں ہوا تھا۔ اس کے بعد سے لگاتار نشنک کی طبیعت خراب چل رہی ہے۔ انھیں گزشتہ دنوں تقریباً پندرہ دنوں تک آئی سی یو میں بھی رہنا پڑا تھا۔ کورونا بحران میں طلبا کے امتحانات اور نصاب کو لے کر نشنک نے بطور وزیر تعلیم کئی اہم فیصلے کیے تھے تاکہ طلبا کا مستقبل تاریک نہ ہو۔


بہر حال، کئی نیوز پورٹل پر آ رہی خبروں میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ نشنک کو مودی کابینہ سے ہٹایا گیا ہے کیونکہ ان کی طبیعت لگاتار خراب رہ رہی ہے جس سے کام متاثر ہو رہا ہے۔ کئی دیگر مرکزی وزرا کو بھی مودی کابینہ سے باہر کا راستہ دکھائے جانے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں جن میں دیبوشری چودھری اور سدانند گوڑا جیسے نام بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔