شدید گرمی کے درمیان کوئلہ کی کمی سے بجلی بحران میں اضافہ، کانگریس مرکز پر حملہ آور
سرجے والا نے ایک ٹوئٹ میں مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’آگ برساتی گرمی... 12 گھنٹے کی بجلی کٹ... پی ایم خاموش، بجلی-کوئلہ وزیر گم!‘‘
ہندوستان میں شدید گرمی سے عوام بے حال ہوئی جا رہی ہے۔ کئی ریاستوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سلسیس کے پار ہے، اور کچھ ریاستوں میں تو 45 ڈگری سے اوپر درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایسے ماحول میں ایک بری خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ پاور پلانٹس میں کوئلہ کی کمی کا بحران گہراتا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں جہاں دہلی حکومت نے مرکز کو آگاہ کیا ہے، وہیں کانگریس نے مرکز کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں مودی حکومت سے کچھ سوالات کیے گئے ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آج 29 اپریل کو 11 بجے تک ملک میں بجلی کی طلب 12 ہزار میگاواٹ ہے۔ آج انرجی ایکسچینج میں بجلی خرید کی قیمت 12 روپے فی یونٹ ہے۔ اگر مرکزی حکومت آگے بڑھ کر مدد نہیں کرے گی تو ریاست مہنگی بجلی کیسے خریدیں گی؟ اب تک 12 روپے میں بھی بجلی نہیں ملتی ہے۔‘‘
سرجے والا نے ایک ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’آگ برساتی گرمی... 12 گھنٹے کی بجلی کٹ... پی ایم خاموش، بجلی-کوئلہ وزیر گم!‘‘ اس کے ساتھ ہی انھوں نے تین سوال پوچھے ہیں جو اس طرح ہیں ’’1. ملک میں 72074 میگاواٹ صلاحیت کے پلانٹ بند کیوں؟ 2. ملک کے 173 پاور پلانٹس میں سے 106 پلانٹس میں کوئلہ 0 فیصد سے 25 فیصد کے درمیان ہی کیوں؟ 3. کوئلہ کی طلب روزانہ 22 لاکھ ٹن، سپلائی 16 لاکھ ٹن ہی کیوں؟‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔