مہاراشٹر میں سیاسی بحران کے درمیان سنجے راؤت کو ای ڈی کا سمن، کل پوچھ گچھ کے لئے کیا طلب
مہاراشٹر میں سیاسی بحران کے درمیان انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی بھی انٹری ہو گئی ہے، ای ڈی نے شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کو کل پوچھ گچھ کے لیے طلب کر لیا ہے۔
ممبئی: مہاراشٹر میں سیاسی بحران کے درمیان انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی بھی اینٹری ہو گئی ہے، ای ڈی نے شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کو کل پوچھ گچھ کے لیے طلب کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سنجے راؤت کو یہ سمن پروین راوت اور پاترا چال زمین گھوٹالے سے متعلق معاملے میں بھیجا گیا ہے۔
اس سے پہلے ای ڈی نے پروین راوت کو گرفتار کیا تھا۔ پروین راوت کو سنجے راوت کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے حال ہی میں پروین راوت کی کروڑوں کی جائیدادیں بھی ضبط کی تھی۔ ای ڈی نے 11 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کیے تھے۔ پالگھر میں پروین راوت کی جائیداد تقریباً 9 کروڑ کی ہے۔ جب کہ دادر میں فلیٹ اور علی باغ میں 2 کروڑ کا پلاٹ مبینہ طور پر سنجے راوت کی بیوی سے متعلق ہے۔
خیال رہے کہ شیوسینا لیڈر ایکناتھ شندے کے باغیانہ رویہ نے مہاراشٹر حکومت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ایکناتھ شندے شیوسینا کے باغی ایم ایل اے کے ساتھ گوہاٹی میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ شندے کا دعویٰ ہے کہ انہیں شیوسینا کے 39 ایم ایل ایز سمیت 50 سے زیادہ ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہے۔ دوسری طرف شندے دھڑے کے ایم ایل اے دیپک کیسرکر نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ شیوسینا کے 1-2 ایم ایل اے ان کے کیمپ میں آنے والے ہیں۔ دیپک کیسرکر نے کہا کہ ان ایم ایل اے کے ساتھ ہمارے 51 ایم ایل اے ہوں گے۔ ہم 3-4 دنوں میں فیصلہ کریں گے۔ دوسری طرف مہاراشٹر کی سیاسی لڑائی سپریم کورٹ تک پہنچ گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔