ہند-چین سرحد تنازعہ کے درمیان ہندوستانی وزیر خارجہ جئے شنکر نے چینی ہم منصب سے کی ملاقات
چین کے سابق وزیر خارجہ وانگ ای کے بعد کن گینگ نے گزشتہ دسمبر میں یہ ذمہ داری سنبھالی تھی، اس کے بعد یہ گینگ کا پہلا دورۂ ہند ہے، اور ساتھ ہی جئے شنکر سے بھی ان کی پہلی ملاقات ہے۔
ہندوستان اور چین کے درمیان سرحد کو لے کر تنازعہ جاری ہے۔ اس درمیان جمعرات کو ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے چینی ہم منصب کن گینگ سے دہلی میں جی-20 وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے موقع پر دو فریقی ملاقات کی۔ اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران دونوں لیڈروں نے دو فریقی تعلقات، خصوصاً سرحدی علاقوں میں امن بحالی کو لے کر بات چیت کی۔
اس تعلق سے وزیر خارجہ جئے شنکر نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہماری بات چیت دو فریقی تعلقات، خصوصاً سرحدی علاقوں میں امن کے لیے موجودہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کرنے پر مرکوز تھی۔ ہم نے جی-20 ایجنڈے کے بارے میں بھی بات کی۔‘‘
واضح رہے کہ چین کے سابق وزیر خارجہ وانگ ای کے بعد کن گینگ نے گزشتہ دسمبر میں یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔ اس کے بعد یہ گینگ کا پہلا دورۂ ہند ہے، اور ساتھ ہی جئے شنکر سے بھی ان کی پہلی ملاقات ہے۔ دونوں لیڈران کے درمیان میٹنگ سے پہلے چین نے کہا تھا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ اپنے رشتوں کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط رشتہ ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ چین اور ہندوستان قدیم تہذیبیں ہیں اور دونوں میں ایک ارب سے زیادہ لوگ رہتے ہیں۔ ہم پڑوسی ہیں اور دونوں ابھرتی ہوئی معیشتیں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔