امیٹھی قتل عام معاملہ: راہل گاندھی کی متاثرہ دلت خاندان سے گفتگو، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
امیٹھی کے رکن پارلیمنٹ کشوری لال شرما نے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی فون پر متاثرہ اہل خانہ سے فون پر بات کرائی
اتر پردیش کے امیٹھی میں ایک دلت خاندان کے 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتارے جانے کے معاملہ نے پورے علاقے میں ہلچل مچا دی ہے۔ دریں اثنا، امیٹھی کے رکن پارلیمنٹ کشوری لال شرما نے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی فون پر متاثرہ اہل خانہ سے فون پر بات کرائی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راہل گاندھی نے انصاف فراہم کرنے اور مجرموں کو سزا دلانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ہر ممکن مدد اور معاوضہ فراہم کرانے کا بھی یقین دلایا۔
کے ایل شرما نے کہا، ’’راہل گاندھی کو کل اس واقعہ کی اطلاع دی گئی تھی اور انہوں نے مجھے خاندان کے ساتھ رہنے کو کہا ہے۔ میں کل سے خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔ آج راہل گاندھی نے متاثرہ خاندان سے فون پر بات کی ہے۔‘‘
ایم پی شرما نے اس واقعہ کو لے کر حکومت اور انتظامیہ پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کو کسی قیمت پر نہیں بخشا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
رکن پارلیمنٹ کشوری لال شرما نے کہا، ’’میں متوفی کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہوں اور ان کے مسائل کو سمجھ رہا ہوں۔ یہ واقعہ ایک سنگین جرم ہے اور رائے بریلی پولیس کی جانب سے اس میں سراسر لاپرواہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اگر بروقت کارروائی کی جاتی تو یہ افسوسناک واقعہ رونما نہ ہوتا۔
کشوری لال نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ معاشرے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایسے معاملات میں فوری اور سخت کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔‘‘
خیال رہے کہ جمعرات کو ضلع کے شیو رتن گنج تھانہ علاقے کے احوروا بھوانی چوراہے کے قریب ایک سرکاری اسکول ٹیچر سنیل (35)، ان کی بیوی پونم (32) اور دو بچوں کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
امیٹھی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ انوپ کمار سنگھ نے بتایا تھا کہ سنیل رائے بریلی کے رہائشی تھے اور اور وہ پنہونہ کے ایک سرکاری اسکول میں ٹیچر تھے۔ نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر سنیل اور اس کے اہل خانہ کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔