معاشی بحران: مودی حکومت کا انکار، امبانی کا اعتراف!
29 سے 31 اکتوبر تک سعودی عرب کے ریاض شہر میں منعقد سالانہ سرمایہ کاری اسٹیج ’فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو‘ کو خطاب کرتے ہوئے مکیش امبانی نے کہا ’’ہاں، ہندوستانی معیشت میں اس وقت سستی ہے، لیکن...۔‘‘
ہندوستانی معیشت کی بگڑتی حالت کو لے کر ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے بھی مانا ہے کہ ملک بحران کے دور سے گزر رہا ہے۔ سعودی عرب میں ایک تقریب سے خطاب کرنے پہنچے امبانی نے کہا ہے کہ ہندوستانی معیشت میں تھوڑی سستی کا دور چل رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پی ایم مودی اس تقریب کے اہم مقرر تھے۔
دراصل 29 سے 31 اکتوبر تک سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقد سالانہ سرمایہ کاری اسٹیج ’فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو‘ کو خطاب کرتے ہوئے مکیش امبانی نے کہا کہ ’’ہاں، ہندوستانی معیشت میں تھوڑی سستی ضرور ہے، لیکن میں یہ مانتا ہوں کہ یہ جز وقتی ہے۔ معیشت کو سدھارنے کے لیے پچھلے کچھ مہینوں میں جو ترکیب کیے گئے ہیں، ان کا نتیجہ جلد ہی نظر آئے گا اور مجھے پورا بھروسہ ہے کہ اگلے تین مہینوں میں حالات بہتر ہوں گے۔‘‘
علاوہ ازیں مکیش امبانی نے سعودی کنگ سلمان بن عبدالعزیز السعود، ان کے بیٹے پرنس محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور پی ایم مودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ان سب سے اوپر ایسی قیادت ہے جو رفتار دینے والی ہے۔ دونوں ممالک میں ایسی قیادت ہے جو پوری دنیا میں انوکھی ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے گزشتہ 3-2 سال میں زبردست تبدیلی دیکھی ہے اور یہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔
مکیش امبانی نے یہ بھی کہا کہ سال 2019 کے بعد سے اس بار جی ڈی پی میں سب سے کم اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی معیشت کی شرح ترقی میں گزشتہ پانچ مہینے سے گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔ اپریل-جون کی سہ ماہی میں تو یہ 5 فیصد تک ہو گئی ہے، جب کہ ایک سال پہلے 8 فیصد تھی۔ یہ سال 2013 کے بعد سب سے کم شرح ترقی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 30 Oct 2019, 3:11 PM