امرناتھ یاترا: 4 ہزار 903 یاتریوں پر مشتمل تیسرا قافلہ جموں بیس کمیپ سے روانہ
بھگوتی نگر بیس کیمپ سے اتوار کی صبح 4 ہزار 9 سو تین یاتریوں پر مشتمل تیسرا قافلہ کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ 188 گاڑیوں میں سوار یاتری بالہ تل اور پہلگام بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوئے
سری نگر: شری امرناتھ جی یاترا کے لئے یاتریوں کا تیسرا قافلہ اتوارکی صبح بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے اتوار کی صبح 4 ہزار 9 سو تین یاتریوں پر مشتمل تیسرا قافلہ کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ 188 گاڑیوں میں سوار یاتری بالہ تل اور پہلگام بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ یکم جولائی سے شروع ہوئی یہ یاترا 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔جموں و کشمیر انتظامیہ اور شری امرناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے لئے فقید المثال انتظامات کئے ہیں۔ سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران اس بار متعدد ڈرونز کے ذریعے بھگوٹی نگر جموں سے لے کر پوترا گھپا تک چوبیس گھنٹے نگرانی رکھی جائے گی تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
معلوم ہوا ہے کہ درجنوں ڈرونز امر ناتھ یاتریوں کی نقل وحرکت پر نظر گزر رکھیں گے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں مرکزی وزارت داخلہ کو جانکاری فراہم کریں۔
جموں کے سرحدی علاقوں میں پہلے ہی ہائی الرٹ جاری کیا گیا اور مقامی لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ مشتبہ شئی کے بارے میں وہ فوری طورپر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابط قائم کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔