’راشن کے بدلے ترنگا‘ کے نام پر غریبوں سے وصولی کی جا رہی: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ راشن دینے کے بدلے غریبوں سے ترنگے کے نام پر جبراً 20 روپے کی وصولی کی جا رہی ہے، یہ ترنگے کے ساتھ ساتھ غریبوں کے عزت نفس پر بھی حملہ ہے۔
راشن دینے کے بدلے غریبوں سے ترنگے کے نام پر جبراً 20 روپے کی وصولی کیے جانے والی ویڈیو پر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’ترنگا ہماری شان ہے، یہ ہر دل میں بستا ہے۔ نیشنلزم کبھی فروخت نہیں کی جا سکتی۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں راشن کارڈ ہولڈرس یہ الزام لگا رہے ہیں کہ اگر ہم ترنگا نہیں لے رہے تو ہمیں راشن نہیں دیا جائے گا۔‘‘
سابق کانگریس صدر راہل گاندھی نے اس ویڈیو کو فیس بک پر شیئر کرتے ہوئے مرکز پر حملہ آور رخ اختیار کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’یہ بہت ہی شرمناک ہے کہ راشن دینے کے بدلے غریبوں سے ترنگے کے نام پر جبراً 20 روپے کی وصولی کی جا رہی ہے۔ بی جے پی حکومت ترنگے کے ساتھ ساتھ ہمارے ملک کے غریبوں کے عزت نفس پر بھی حملہ کر رہی ہے۔‘‘ دراصل ہر گھر ترنگا مہم کے تحت مودی حکومت نے 20 کروڑ گھروں پر ترنگا لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی اس مہم کی بی جے پی حکمراں ریاستوں میں بھی خوب تشہیر ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔