کورونا سے اثرانداز ایک لاکھ لوگوں نے ’ای پی ایف‘ کا پیسہ نکالنے کے لیے درخواست دی
گزشتہ 10 دنوں میں تقریباً ایک لاکھ لوگوں نے اپنے پی ایف اکاؤنٹس سے پیسہ نکالنے کے لیے درخواست داخل کر دی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگے اس کی رفتار مزید تیز ہوگی۔
ہندوستان میں کورونا وائرس کے پھیلتے اثرات کے درمیان تقریباً ایک لاکھ لوگوں نے ایمپلائی پروویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) سے پیسہ نکالنے کے لیے درخواست دی ہے۔ دراصل کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے ملک میں لاک ڈاؤن کے بعد مرکزی حکومت نے ای پی ایف میں جمع رقم کو نکالنے کی سہولت لوگوں کو دی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس سہولت سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے گزشتہ 10 دنوں میں تقریباً ایک لاکھ لوگوں نے اپنے پی ایف اکاؤنٹس سے پیسہ نکالنے کے لیے درخواست داخل کر دی ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ای پی ایف میں پیسہ نکالنے کے لیے سہولتیں دی گئی ہیں اور ریٹائرمنٹ فنڈ باڈی ای پی ایف او نے اب تک تقریباً 125 کروڑ روپے الاٹ بھی کیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کووڈ-19 کے بحران سے بچنے کے لیے وزارت محنت نے پہلے ہی یہ جانکاری دی تھی کہ لوگوں کے ذریعہ پی ایف اکاؤنٹس سے پیسہ نکالنے کی عرضی ملنے کے تین دن کے اندر ہی معاملے کو سیٹل کیا جائے، یعنی درخواست کنندہ کے بینک اکاؤنٹ میں پیسہ ٹرانسفر کیا جائے۔
واضح رہے کہ وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے گزشتہ 26 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ ملک کے تقریباً 4.8 کروڑ ملازمین جو کہ ای پی ایف کے رکن ہیں، وہ اپنے پی ایف اکاؤنٹس سے پیسہ نکال سکتے ہیں۔ اس کے لیے شرط یہ ہے کہ ای پی ایف سبسکرائبرس تین مہینے کی بیسک سیلری یا مہنگائی بھتہ یا ای پی ایف اکاؤنٹ میں جمع رقم کی تین چوتھائی یا 75 فیصد رقم سے زیادہ رقم نہیں نکال سکتے ہیں۔ ان میں سے جو بھی کم ہوگا اتنی رقم ای پی ایف ہولڈرس نکال سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔