کورونا ویکسین کے خلاف بیان دینے والے بابا رام دیو اب خود لگوائیں گے ویکسین!
بابا رام دیو نے خود ویکسین لگوانے کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی دیگر لوگوں سے بھی ویکسین لینے کی اپیل کی ہے۔ رام دیو نے کہا کہ یوگا اور آیوروید کے ساتھ ہی ٹیکہ لینا بھی ضروری ہے۔
ایلوپیتھی طریقہ علاج کے خلاف تبصرہ کر کے تنازعات کا سامنا کر رہے بابا رام دیو نے اب کورونا ٹیکہ کاری سے متعلق بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اچھے ڈاکٹر دیودوت (فرشتہ) کے برابر ہوتے ہیں اور بہت جلد وہ خود کورونا ویکسین لگوائیں گے۔ ساتھ ہی بابا رام دیو نے لوگوں سے بھی ویکسین لینے کی اپیل کی۔ رام دیو نے کہا کہ کورونا سے بچنے کے لیے یوگا اور آیوروید کے ساتھ ہی ٹیکہ لینا بھی ضروری ہے۔
اپنے نئے بیان میں بابا رام دیو نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوگا اور آیوروید کی پریکٹس کریں۔ یوگا کورونا سے ہونے والی پیچیدگیوں سے لوگوں کو بچاتا ہے۔ یہ بیماریوں کے خلاف ڈھال کا کام کرتا ہے۔ بابا رام دیو نے اس دوران تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تنظیم کے ساتھ ہماری کوئی دشمنی نہیں ہے۔ سبھی اچھے ڈاکٹرس بھگوان کے بھیجے گئے فرشتہ ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بابا رام دیو نے ایلوپیتھی طریقہ علاج کو لے کر متنازعہ بیان دیا تھا۔ انھوں نے کورونا وائرس انفیکشن کے علاج کے لیے استعمال کچھ دواؤں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ کووڈ-19 کے علاج میں ایلوپیتھی دوائیں لینے کی وجہ سے لاکھوں لوگ مر گئے۔ اس کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہوا تھا۔ آئی ایم اے کی جانب سے انھیں نوٹس بھی بھیجا گیا تھا۔ علاوہ ازیں مرکزی وزیر صحت کی مداخلت پر بابا رام دیو نے اپنے بیان پر معافی بھی مانگ لی تھی، لیکن پھر سے کئی بیان دے کر انھوں نے ایلوپیتھی پر سوال اٹھائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔