بی جے پی کے سابق کارپوریٹر پر ایک کروڑ کے غبن کا الزام
سوسائٹی کے سکریٹری اور کارپوریٹر نے فلیٹ مالکان سے یہ کہا کہ ترقیاتی کاموں کی اجازت حاصل کرنے سے قبل مقامی پولس اسٹیشن ،فائر بریگیڈ کی اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔
ممبئی کے مضافات ملاڈ ایسٹ میں واقع کیلاش چندر کو آپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹی مہندر نگر کے مکینوں کو اضافی ایف ایس آئی دلانے کے معاملے میں بی جے پی کے سابق کارپوریٹر ونود شیلار کے خلاف غیر سرکاری تنظیم نیشنل اینٹی کرپشن اینڈکرائم پریوینٹی وکونسل کے صدر موہن کشن نے اعلیٰ سرکاری افسران کو خط لکھ کر شکایت درج کی ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ 2014 میں کالونی کے سی ای اور ایچ بلاک کے 113 فلیٹ مالکان سے فی کس 70 ہزار روپیہ وصول کیا گیا تھا اور یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ اس کالونی میں جلد ہی ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگا جس سے فلیٹ مالکان کو زیادہ رقبے کا فلیٹ حاصل ہوگا۔
موہن کشن نے بتایا کہ اس معاملے میں جب سوسائٹی کے آرکیٹکٹ اضافی ایف ایس آئی لینے میں ناکام ثابت ہو اتو سوسائٹی کے سکریٹری کرشنا نابھر اور دیگر نے ونود شیلار کی مدد حاصل کی اور بی جے پی لیڈر نے سوسائٹی کو ترقیاتی کاموں کے لئے درکار شدہ تمام اجازت نامہ حاصل کرنے کا یقین دلایا۔
موہن کشن نے بتایا کہ سوسائٹی کے سکریٹری اور شیلار نے فلیٹ مالکان سے یہ کہا کہ ترقیاتی کاموں کی اجازت حاصل کرنے سے قبل مقامی پولس اسٹیشن ،فائر بریگیڈ کی اجازت حاصل کرنا ضروری ہے ۔اس کے لئے رشوت دینا پڑے گی ،موہن کشن نے بتایا کہ ان اجازت ناموں کی آڑ میں فی کس 70 ہزار روپیئے وصول کئے گئے لیکن کوئی اجازت حاصل نہیں کی گئی اور نہ ہی مکینوں کو پیسہ واپس لوٹایا گیا۔
غیر سرکاری تنظیم کے سربراہ نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے صد رجمہوریہ ،نائب صدر جمہوریہ ،وزیر اعظم سمیت اعلیٰ سرکاری افسران کو خط لکھ کر یہ شکایت درج کرائی ہے۔اس معاملے میں شہر کے اراکین پارلیمنٹ حسین دلوائی اور مجید میمن نے بھی غیر سرکاری تنظیم کی شکایت پر غور کرنے کی نائب وزیر اعلیٰ دیوندر فڈنویس سے غور کرنے کو کہا تھا اس کے بعد اس معاملے کی تفتیش ممبئی پولس کے سپرد کی گئی جس سے یہ امید ہے کہ متاثرین کو جلد انصاف ملے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔