تبلیغی جماعت کے معاملہ میں یوپی پولیس کے رویہ سے ہائی کورٹ ناراض، تین اضلاع کے کپتان طلب

الہ آباد ہائی کورت نے گزشتہ سال 20 اپریل کو گرفتار کئے گئے تبلیغی جماعت کے غیر ملکی ارکان کے معاملہ میں یوپی پولیس کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، عدالت نے تین اضلاع کے کپتانوں کو طلب کر لیا ہے

الہ آباد ہائی کورٹ، اتر پردیش / تصویر آئی اے این ایس
الہ آباد ہائی کورٹ، اتر پردیش / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

الہ آباد: کورونا وبا پھیلانے کے الزام میں گرفتار کئے گئے تبلیغی جماعت کے غیر ملکی ارکان کے معاملہ میں یوپی پولیس کے رویہ پر الہ آباد ہائی کورٹ نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے یوپی کے تین اضلاع کے پولیس کپتانوں کو ذاتی طور پر عدالت میں طلب کیا ہے۔ عدالت عالیہ نے ان سے گزشتہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی ٹھوس وجہ تبانے کی ہدایت دی ہے۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق شاہجہانپور، ہاپوڑ اور مؤ کے پولیس کپتانوں کو 15 جولائی کو ذاتی طور پر عدالت کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں دہلی میں مرکز نظام الدین میں ہونے والے جلسہ کے بعد تبلیغی جمات کے ارکان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاع نہیں دی اور ملک کے متعدد شہروں میں پھیل گئے جس سے کورونا کی وبا کا پھیلاؤ ہوا۔ یوپی کے شاہجہانپور اور ہاپوڑ اضلاع سے گزشتہ سال اپریل میں تھائی لینڈ سے آنے والے 9-9 جماعتیوں کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔


گرفتار شدہ جماعت کے ارکان پر وبائی قانون اور فارینرس ایکٹ کے ساتھ آئی پی سی کی دفعات میں بھی مقدمات درج کئے تھے۔ اس کے علاوہ مؤ ضلع سے گرفتار کئے گئے ہندوستانی جماعتیوں پر اقدام قتل کی آئی پی سی کی دفعہ 307 کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے پہلے ہی اس مقدمہ میں کارروائی پر روک لگا دی تھی۔

ان جماعتیوں نے اپنے خلاف داخل کی گئی چارج شیٹ کو چیلنج کرتے ہوئے مقدمہ کی کارروائی کو منسوخ کئے جانے کی اپیل کی تھی۔ غیر ملکی جماعت کے ارکان کی دلیل تھی کہ ان کے خلاف وبائی قانون اور پاسپورٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ قائم ہی نہیں کیا جا سکتا اور پولیس نے منمانے طریقہ سے ان کے خلاف کارروائی کی۔


جماعت کے ارکان کی عرضیوں پر عدات نے 8 جون کے حکم میں ملزمان کے خلاف دائر چارج شیٹ اور کیس ڈائری طلب کر لی تھی۔ سرکاری فریق کی جانب سے چارج شیٹ اور کیس ڈائری مقررہ 5 جولائی کو طے گئی تاریخ پر بھی پیش نہ کئے جانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس اجے بھنوٹ کی سنگل بنچ نے عدالت کے احکامات پر عمل نہیں کئے جانے پر شاہجہانپور، ہاپوڑ اور مؤ اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹوں کو ذاتی طور پر طلب کر لیا ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے تین اضلاع کی پولیس کے رویہ پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے تلخ تبصرہ بھی کیا تھا۔ کیس کے تصفیہ تک پاسپورٹ ضبط ہونے کی وجہ سے غیر ملکی جماعتی اپنے ملک واپس نہیں جا پا رہے ہیں۔ غیر ملکی جماعت کے ارکان کے وکیل عادل خان کے مطابق تھائی لینڈ سے آئے جماعتیوں کے پیسے ختم ہو چکے ہیں اور انہیں کھانے پینے کے بحران کا سامنا ہے، تھائی لینڈ میں ان کے اہل خانہ بھی بہت پریشان ہیں۔ ان کی جانب سے عدالت میں یہ بھی دلیل دی گئی ہے کہ جماعتیوں نے نا تو کورونا پھیلایا اور نا ہی اپنے پاسپورٹ کا غلط استعمال کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔