دہلی حکومت کے تحت یونیورسٹیوں کے تمام امتحانات منسوخ

دہلی حکومت نے کووڈ-19 کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہفتہ کے روز ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے ماتحت تمام ریاستی یونیورسٹیوں میں فی الحال ہونے والے سالانہ امتحان سمیت تمام امتحانات کو منسوخ کر دیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی حکومت نے کورونا وائرس (کووڈ- 19) کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہفتہ کے روز ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے ما تحت تمام ریاستی یونیورسٹیوں میں فی الحال ہونے والے سالانہ امتحان سمیت تمام امتحانات کو منسوخ کر دیا ہے۔

دہلی کے نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے آج اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ و طالبات کو تعلیمی ڈگریاں یونیورسٹی کی طرف سے طے شدہ تشخیصی معیار کی بنیاد پر دی جائیں گی۔


حکومت کے اس فیصلے سے اندرا پرستی یونیورسٹی، امبیڈکر یونیورسٹی، دہلی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (ڈی ٹی یو) اور دیگر اداروں میں اس سال امتحانات نہیں ہوں گے، لیکن دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) سے وابستہ دہلی گورنمنٹ کے کالجوں کے بارے میں آخری فیصلہ مرکزی حکومت کو کرنا ہوگا۔

سسودیا نے کہا کہ دہلی حکومت کا خیال ہے کہ جس سمسٹر میں آپ نے تعلیم حاصل نہیں کی اس میں امتحان دینا مشکل ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ " دہلی کی تمام یونیورسٹیوں کے آنے والے امتحانات منسوخ ہوجائیں گے اور اگلے سمسٹر میں تمام طلبہ طالبات کو ترقی دے دی جائے گی"۔ انہوں نے کہا کہ "وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مرکزی حکومت کو بھی ایک خط لکھ کر ان سے اپنی تمام یونیورسٹیوں میں امتحان منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے"۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔