’جموں و کشمیر میں امن و امان قائم کرنے کی سبھی پالیسیاں فیل‘، راہل گاندھی نے این ڈی اے حکومت کو بنایا ہدف تنقید
راہل گاندھی نے کہا کہ گلمرگ میں فوجی گاڑی پر بزدلانہ حملہ میں ہمارے بہادر فوجیوں کی شہادت بے حد افسوسناک ہے، حملے میں دو پورٹرس کی بھی جان چلی گئی، میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
جموں و کشمیر کے گلمرگ میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ پر کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مرکز کی این ڈی اے حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے جمعہ کے روز کیے گئے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ این ڈی اے حکومت کی پالیسیاں سیکورٹی اور امن قائم کرنے میں پوری طرح فیل ہیں۔ حکومت کی اس معاملے میں جوابدہی طے کرنی چاہیے۔ ساتھ ہی فوجی جوانوں اور شہریوں کا تحفظ بھی یقینی بنانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے اپنے پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’جموں و کشمیر کے گلمرگ میں فوجی گاڑی پر بزدلانہ حملہ میں ہمارے بہادر فوجیوں کی شہادت کی خبر بے حد افسوسناک ہے۔ حملے میں دو پورٹرس کی بھی جان چلی گئی۔ میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور غمزدہ کنبوں کے تئیں گہری ہمدردی ظاہر کرتا ہوں۔‘‘
’ایکس‘ پوسٹ میں مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے راہل گاندھی لکھتے ہیں کہ ’’مرکز کی این ڈی اے حکومت کی پالیسیاں جموں و کشمیر میں سیکورٹی اور امن قائم کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہیں۔ ان کے دعووں کے برعکس حقیقت یہ ہے کہ خطہ مستقل دہشت گردانہ سرگرمیوں، ہمارے جوانوں پر حملوں اور شہریوں کے قتل کے سبب خطرے کے سایہ میں جی رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’حکومت کو فوراً جوابدہی لینی چاہیے اور جلد از جلد وادی میں امن بحال کر فوج و شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔‘‘
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی جمعرات کو گلمرگ میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ پر افسوس ظاہر کیا۔ انھوں نے حملے میں جان و مال کے نقصان پر کہا کہ دہشت گردانہ عمل کے لیے جتنی بھی مذمت کی جائے وہ ناکافی ہے۔ جموں و کشمیر کے گلمرگ میں دہشت گردانہ حملے میں 2 جوانوں کی شہادت کی خبر بے حد افسوسناک ہے۔ پرینکا گاندھی نے غمزدہ کنبوں کے تئیں اظہارِ ہمدردی بھی کیا اور ساتھ ہی زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔