دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں تمام پارٹیاں حکومت کے ساتھ

حکومت کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں تمام پارٹیوں کے لیڈروں نے پاکستان میں فضائیہ کی کارروائی کا خیر مقدم کیا اور بھروسہ دیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر اقدام کی حمایت کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: حکومت کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں تمام پارٹیوں کے لیڈروں نے پاک مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں جنگجوؤں کے کیمپ پر ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی کا خیر مقدم کیا ہے اور بھروسہ دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت کے ہر اقدام کی حمایت کریں گے۔

وزیر خارجہ سشما سوراج نے اجلاس میں سرحد پار بالاكوٹ میں جیش محمد کے کیمپ پر فضائیہ کی کارروائی کی تفصیلی معلومات دیں۔ کل جماعتی اجلاس میں حکومت کی جانب سے ان کے علاوہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وجے گوئل موجود تھے۔

سشما سوراج نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس میں تقریبا تمام بڑی پارٹیوں کے نمائندے شامل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام پارٹیوں نے ایک آواز میں فضائیہ کو اس کارروائی کے لئے مبارک باد دی اور حکومت کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کسی بھی کارروائی کے لئے ہمیشہ حمایت دینے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ "تمام پارٹیوں نے پارٹی سطح پر کسی امتیاز کئے بغیر یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

کل جماعتی میٹنگ میں شامل ہونے کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے ہندوستانی فضائیہ کی صلاحیت کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے صفایے میں ہمیشہ ان کی پارٹی کی حمایت حکومت کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حملے کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ یہ مہم صاف شفاف تھی۔ اس حملے سے کسی بھی شہری کو نقصان نہیں ہوا اور صرف دہشت گرد تنظیم کے کیمپوں کو نشانہ بنا کر ان کے صفایہ کے لئے یہ کارروائی کی گئی۔

کمیونسٹ پارٹی کے ڈی راجا نے کہا کہ یہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی تھی فوجی کارروائی نہیں تھی۔ ترنمول کانگریس کے ڈیریک اوبران اور شرومنی اکالی دل کے نریش گجرال نے کہا کہ تمام پارٹیوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں حکومت کے اقدام کے لئے تائید ظاہر کی ہے۔

میٹنگ میں غلام نبی آزاد، ڈی راجا، ڈیریک او برائن اور گجرال کے علاوہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے پرفل پٹیل سمیت متعدد پارٹیوں کے لیڈران موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔