کسی بھی مزدور کو دربدر ہونے کے لئے جموں وکشمیر سے نہیں نکالیں گے: فاروق خان
اگر کوئی مزدور بہار کے کسی ضلعے کا رہنے والا ہے تو جب تک بہار سرکار اور اس ضلعے کا مجسٹریٹ اسے قبول نہیں کرتا ہے ہم تب تک اس کو واپس نہیں بھیج سکتے
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کہا ہے کہ ہم جموں وکشمیر میں پھنسے کسی بھی غیر مقامی مزدور کو دربدر ہونے کے لئے یہاں سے نہیں نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غیر مقامی مزدوروں کی گھر واپسی ایک منظم نظام کے تحت یقینی بنائیں گے۔
فاروق خان نے اتوار کو ضلع کٹھوعہ میں نامہ نگاروں کی جانب سے جموں وکشمیر میں پھنسے مزدوروں کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا: 'اگر کوئی مزدور بہار کے کسی ضلعے کا رہنے والا ہے تو جب تک بہار سرکار اور اس ضلعے کا مجسٹریٹ اسے قبول نہیں کرتا ہے ہم تب تک اس کو واپس نہیں بھیج سکتے ہیں۔ ہم پھینکنے کے لئے نہیں بھیجیں گے'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'ہم یہاں پر تمام مزدوروں کے کھانے پینے کا انتظام کررہے ہیں۔ جموں وکشمیر میں کسی کو بھی بھوکا سونے نہیں دیا جارہا ہے۔ ہم یہ بھی نہیں چاہتے کہ لوگ پیدل چلنا شروع کردیں۔ ہمیں ایک منظم سسٹم کے تحت چلنا ہے۔ ان کے لئے گاڑیوں کا انتظام کیا جائے گا'۔
فاروق خان نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ انہیں کٹھوعہ میں بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن انہیں سوچنا چاہیے کہ یہ سب ان کی اور ان کے افراد خانہ کی بھلائی کے لئے کیا جارہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا: 'اگر بھگوان نہ کرے ان میں سے یہاں کوئی کورونا وائرس پازیٹو نکلتا ہے تو اس کا پورا پریوار بچایا جاسکتا ہے۔ اگر وہ یہاں سے ایسے ہی نکلتا ہے تو وہ کل اپنے پورے کنبے کو متاثر کرسکتا ہے'۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔