بی جے پی کے تمام بڑے لیڈر انتخابی مہم کے لیے بہار آ رہے ہیں اور ہم سب پر بھاری پڑ رہے ہیں: تیجسوی یادو

تیجسوی یادو نے کہا ہے کہ پی ایم نے وعدہ کیا تھا کہ وہ بہارکو خصوصی پیکیج دیں گے، خصوصی ریاست کا درجہ دیں گے، 40 میں سے 39 ایم پی ان کی پارٹی سے ہیں، انہوں نے 10 سالوں میں بہار کے لیے کیا کیا ہے؟

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو / ویڈیوگریب</p></div>

تیجسوی یادو / ویڈیوگریب

user

قومی آواز بیورو

بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں بی جے پی کے وزیر اعظم نریندر مودی کے روڈ شو کی خبروں کے درمیان اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ایم یہاں آ رہے ہیں، وزیر داخلہ یہاں آ رہے ہیں، راج ناتھ سنگھ یہاں آ رہے ہیں، جے پی نڈا یہاں آ رہے ہیں، نتن گڈکری یہاں آ رہے ہیں، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ یہاں آ رہے ہیں۔ بی جے پی کی انتخابی مہم کے لیے سبھی کو بہار لایا جا رہا ہے، جب کہ ہم اکیلے کھڑے ہیں۔ ہم نے تقریباً 140 عوامی جلسے کیے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم سب پر بھاری پڑ رہے ہیں۔

تیجسوی یادو نے کہا ہے کہ پی ایم مودی روڈ شو کر رہے ہیں جبکہ ہم نے جاب (ملازمت) شو کیا ہے۔ میں پی ایم سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ آپ اب تک 8-10 بار بہار آ چکے ہیں۔ کیا آپ نے لوگوں کو نہیں بتایا کہ آپ اگلے پانچ سالوں میں بہار کے لیے کیا کریں گے؟ وزیر اعظم بہار آنے کے باوجود بہار کے عوام سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کر پائے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ خصوصی پیکیج دیں گے، بہار پر خصوصی توجہ دیں گے، خصوصی ریاست کا درجہ دیں گے، ان وعدوں کا کیا ہوا؟ 40 میں سے 39 ایم پی ان کی پارٹی سے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ 10 سالوں میں بہار کے لیے کیا کیا ہے؟


اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے روڈ شو کا روٹ کئی بار تبدیل کیا جا رہا ہے۔ بھیڑ جمع نہیں ہو رہی۔ روڈ شو کے لیے تنگ راستے کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی کو گاؤں سے باہر کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی والے ڈرے ہوئے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ وہ بہار ہار چکے ہیں۔ پی ایم مودی بہار کے لیے اپنی پلاننگ کے بارے میں بات نہیں کرتے ہیں۔ وہ صرف فرقہ واریت کرتے ہیں۔ بہار کے لوگ ان کے فریب کو سمجھ چکے ہیں۔ پی ایم مودی کے دورے کا یہاں کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔