کشمیر میں ماہ رمضان کے پیش نظر تمام ہوٹل و ریستوران بند

پورے ملک کی طرح وادی کشمیر میں بھی ہلال رمضان نظر آنے کے بعد منگل کی شام نماز تراویح ادا کی گئی اور ماہ رمضان المبارک کے پہلے دن تمام ریستوران، ہوٹل اور ٹی سٹال بند رہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں بدھ کو ماہ رمضان المبارک کے پہلے دن تمام ریستوران، ہوٹل اور ٹی سٹال بند رہے۔ بتادیں کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی منگل کی شام ہلال رمضان نظر آنے کے بعد بدھ کو ماہ رمضان کا پہلا روزہ رکھا گیا اور منگل کی شام کو 'نماز تراویح' بھی ادا کی گئی۔

وادی کے تمام مین قصبوں بشمول سری نگر میں بدھ کے روز ماہ رمضان کے احترام میں تمام ریستوران، ہوٹل اور ٹی اسٹال بند رہے اور سری نگر کے سول لائنز میں واقع مشہور 'فوڈ سٹریٹ' بھی بند رہی۔ یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ نہ صرف ہوٹل و ریستوران بلکہ سڑکوں کے کناروں پر قائم چھوٹے ٹی اسٹال بھی بند ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ کئی ٹی اسٹال مالکوں نے چائے کی بجائے دوسری چیزیں جیسے عربی خرمے وغیرہ بیچنا شروع کیا ہے۔ وادی کے دیگر قصبوں میں بھی ہوٹل و ریستوران بند رہنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ وسطی ضلع بڈگام کے صدر مقام میں بھی بدھ کے روز تمام ہوٹل، ریستوران اور ٹی اسٹال بند رہے۔ دریں اثنا ماہ رمضان کے 'غرہ' کا اعلان ہونے کے بعد لوگوں نے کورونا گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کرتے ہوئے 'تراویح نماز' ادا کی۔

کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر انتظامیہ کی طرف سے وادی میں شبانہ کرفیو کے نفاذ سے اگرچہ لوگوں میں تراویح نماز کی ادائیگی متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوئے تھے تاہم جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے تمام ضلع مجسٹریٹوں اور ایس ایس پیز کو اپنے اپنے علاقوں میں کرفیو اوقات کے دوران مذہبی تقریبات اور نماز تراویح کی ادائیگی کو ممکن بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔