بی جے پی کی حکمرانی والی تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی گھپلے باز: راہل گاندھی

میں نے غلطی سے پنامہ پیپرس میں چوہان کے بیٹے کا نام لیا تو انہوں نے مجھ پر ہتک عزت کا دعوی کرنے کی بات کہی اور جب وياپم، ای ٹینڈرنگ، مڈ ڈے میل میں گھپلے کی بات کرتا ہوں تو شیوراج خاموش رہتے ہیں: راہل

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی
user

یو این آئی

ساگر: کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر اقتدار حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ بی جے پی کی حکمرانی والی ایسی ان تمام ریاست میں وہاں کے وزرائے اعلی گھپلے میں ملوث ہیں جہاں عوام کا پیسہ لوٹ لیا جاتا ہے۔

راجستھان کی وزیر اعلی وسندھرا راجے سندھیا کے بیٹے نے للت مودی سے پیسہ لیا، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی رمن سنگھ کے بیٹے کا نام پنامہ پیپرس میں آیا۔ اسی طرح مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے دور اقتدار میں وياپم، مائننگ، ڈمپر اسکینڈل، ای ٹینڈرنگ جیسے گھپلے ہوئے ہیں۔

کانگریس صدر نے کہا کہ "میں نے غلطی سے پنامہ پیپرس میں چوہان کے بیٹے کا نام لیا تو انہوں نے مجھ پر ہتک عزت کا دعوی کرنے کی بات کہی، لیکن جب میں وياپم، ای ٹینڈرنگ، مڈ ڈے میل گھپلے کی بات کرتا ہوں تو شیوراج چوہان ہتک عزت کا دعوی نہیں کرتے۔ "انہوں نے الزام لگایا کہ وياپم میں پورا فائدہ آر ایس ایس کے لوگوں اور وزیر اعلی چوہان کے خاندان کو ملا ہے۔

کانگریس صدر نے وزیر اعظم کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی نے ملک کے عوام سے وعدے کرنے کے علاوہ اب تک کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے کسانوں کے لیے نوٹ بندی اور گبر سنگھ جیسے ٹیکس لگائے جبکہ بی جے پی کے دوستوں کے لئے قرضےمعاف کئے گئے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت بننے کے دس دن کے اندر کسانوں کا قرض معاف کر دیا جائے گا۔

گاندھی نے مندسور سانحہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش حکومت نے مندسور میں اپنا حق مانگنے والے کسانوں پر گولیاں چلوائیں۔ ریاست کا کسان اب اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسان انشورنس کا پیسہ دیتے ہیں، لیکن فائدہ انل امبانی کو ملتا ہے۔ وزیر اعظم کو یہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ یہ ملک حیرت انگیز طاقت کا مالک ہے۔ ہزاروں برسوں سے یہ ملک بیدار ہے۔ اس ملک نے پوری دنیا کو راستہ دکھایا ہے۔

کانگریس صدر نے کہا کہ ریاست کے عوام نے تبدیلی کا من بنا لیا ہے۔ مدھیہ پردیش میں اگلے چند دنوں میں کانگریس کی حکومت آنے والی ہے اور شیوراج سنگھ چوہان کی حکومت جانے والی ہے۔اسی طرح چھ ماہ بعد ہونے والے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی اور نریندر مودی کی حکومت کا بھی صفایا ہونے والا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔