’حج 2021‘ کی تمام درخواستیں منسوخ، سعودی حکومت کے اعلان کے بعد فیصلہ

حج کمیٹی کے ایک اعلامیہ میں کہا گیا کہ سعودی حکومت نے امسال عالمی سطح پر حج کا انعقاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس لیے ہندوستان میں موصولہ حج کی تمام درخواستیں منسوخ کی جاتی ہیں۔

حج بیت اللہ
حج بیت اللہ
user

یو این آئی

نئی دہلی: سعودی حکومت کے ذریعہ چند روز قبل صرف مقامی شہریوں کو حج 2021 کی اجازت دینے کے اعلان کو پیش نظر حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2021 کے لیے جمع کردہ سبھی درخواستوں کو آج منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا، حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایکزیکٹیو افسر مقصود علی خان نے جاری ایک اعلامیہ میں کہا کہ سعودی حکومت نے امسال عالمی سطح پر حج کا انعقاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس لیے ہندوستان میں موصولہ حج کی تمام درخواستیں منسوخ کی جاتی ہیں، گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی کورونا وباء کے پیش نظر یہ قدم اٹھانا پڑ رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت نے کورونا بحران کی وجہ سے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی کسی دوسرے ممالک کے شہری کو حج کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ اس بار تقریباً 60 ہزار مقامی باشندوں کو ہی حج کی سعادت نصیب ہوگی اور اس کے لیے بھی کئی طرح کے شرائط و ضوابط طے کیے گئے ہیں۔


بتایا جاتا ہے کہ حج 2021ء سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور مملکت میں موجود تارکین وطن کے لئے محدود کر دیا ہے، حج کے لئے انٹرنیٹ کے ذریعہ شروع رجسٹریشن چند گھنٹے میں ہی 4 لاکھ 50 ہزار درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ تاہم، سعودی وزارت اُمور حج نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ حج 2021ء کے لئے 60 ہزار عازمین کی درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ اب تقریباً ہر 8 درخواستوں میں سے ایک کو قبول کرنا ہوگا جس کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا جائے گا۔ کورونا وائرس وباء کے سبب لگاتار دوسرے سال سعودی حکومت نے بیرونی شہریوں کو حج کی اجازت نہیں دی ہے۔ البتہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کو کسی محرم کے بغیر حج کے لئے درخواست داخل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ چنانچہ وصول شدہ 4.5 لاکھ درخواستیں میں 40 فیصد خواتین شامل ہیں۔

اِس مرتبہ بھی حج کو صرف 18 سال اور 65 سال کے درمیان کی عمر والوں کے لئے محدود کیا گیا ہے اور سبھی کو کوویڈ ویکسین لیا ہونا ضروری ہے۔ اِس کے علاوہ تمام عازمین حج کو مکمل صحت یابی کی صورت میں ہی حج کی اجازت دی جائے گی۔ متعلقہ وزارت نے 3 حج پیکیجس کا اعلان کیا ہے۔ پہلی کٹیگری میں 12,113 ریال کی لاگت آئے گی، دوسری کٹیگری کے لئے 14,381 ریال خرچ ہوں گے اور تیسرا زمرہ سب سے مہنگا ہے جس کے لئے عازم حج کو ٹیکس چھوڑ کر 16,560 ریال کے مصارف برداشت کرنے ہوں گے۔


گزشتہ سال صرف ایک ہزار عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی تھی اور وہ تمام سعودی شہری یا سلطنت میں موجود تارکین وطن تھے۔ سعودی عرب بھی کورونا وائرس سے متاثر رہا لیکن گزشتہ سال کے مقابل اِس بار وباء پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے۔ سعودی حکام نہیں چاہتے کہ بیرونی شہریوں کی آمد سے وباء کو دوبارہ پھیلنے کا موقع دیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔