علی گڑھ: شادی شدہ خاتون نے عاشق پر پھینکا تیزاب، 12 سال سے بلیک میل کرنے کا لگایا الزام

نوجوان عاشق خاتون سے ملنے ریستوراں پہنچا تھا جہاں اچانک اس پر تیزاب سے حملہ ہوگیا۔ تیزاب کے چھینٹوں سے خاتون خود بھی زخمی ہوگئی جبکہ نوجوان وہاں سے فرار ہو گیا۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

تیزاب، تصویر آئی اے این ایس
تیزاب، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے علی گڑھ میں سنٹر پوائنٹ پر واقع ایک ریستوراں میں چونکانے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک خاتون نے اپنے عاشق پر تیزاب پھینک دیا۔ حالانکہ تیزاب کے چھینٹے خاتون کو بھی پڑے جس سے وہ خود بھی تھوڑی جل گئی۔ اس دوران عاشق موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ خاتون نے خود اس پورے معاملے کی جانکاری خاتون پولیس چوکی پہنچ کر دی۔ فی الحال پولیس نوجوان کی تلاش کر رہی ہے۔

اطلاع کے مطابق علی گڑھ میں نوجوان عاشق اپنی شادی شدہ معشوقہ سے ملنے ریستوراں پہنچا تھا۔ دونوں ایک ٹیبل پر بیٹھ کر بات چیت کر رہے تھے۔ تبھی اچانک معشوقہ نے بیگ سے ایسڈ کی بوتل نکالی اور عاشق پر پھینک دی۔ اس دوران تیزاب کے چھینٹیں خاتون اور وہاں موجود ریستوراں کے ایک ملازم پر بھی پڑ گئے جس سے وہ دونوں تھوڑا جھلس گئے۔


واقعہ کے بعد نوجوان فرار ہو گیا جبکہ تیزاب کے چھینٹوں سے زخمی خاتون کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں خاتون سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ایسڈ حملہ کرنے والی خاتون اور نوجوان گزشتہ 12 سال سے ریلیشن میں تھے۔

ریستوراں کے مالک دیپک گرگ نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح تقریباً 11.30 بجے کا ہے۔ یہاں خاتون آئی تھی اور اس کے کچھ دیر بعد ایک لڑکا بھی آ گیا۔ ہم اپنے دوست کے ساتھ بیٹھ کر ناشتہ کر رہے تھے تبھی ویٹر نے آ کر واقعہ کی اطلاع دی۔ میں نے جا کر دیکھا تو مجھے پہلے کچھ سمجھ میں نہیں آیا، وہاں کچھ کالا کالا پڑا ہوا تھا۔

لڑکا کہہ رہا تھا کہ یہ کیا کر دیا۔ خاتون سے پوچھا تو اس نے کہا کہ میں نے اس کے اوپر تیزاب ڈالا ہے۔ یہ مجھے 12 سال سے بلیک میل کر رہا تھا۔ خاتون اپنے ساتھ اسٹیل کا گلاس لے کر آئی تھی۔ ایک بوتل اور بیگ، موبائل اس کا یہیں پر ہے، اس کے بیگ میں بچا ہوا تیزب بھی ہے۔


اس واقعہ کے تعلق سے اے ایس پی نے بتایا کہ پہلی نظر میں یہ معاملہ سامنے آ رہا ہے کہ ایک خاتون نے اپنے دوست پر تیزاب ڈالا ہے۔ نوجوان موقع سے فرار ہے۔ کچھ چھینٹیں خاتون کے جسم پر بھی پڑے۔ اس کے لیے اسے طبی سہولت دی جا رہی ہے۔ ابھی تک کوئی تحریر نہیں ملی ہے۔ تحریر ملتے ہی کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔