ایک طرف اکھلیش یادو نے نکالی ’وجے رتھ یاترا‘، اور دوسری طرف چچا شیوپال نے ’سماجی تبدیلی یاترا‘
کانپور شہر کی سرحد سے منسلک اناؤ کے شکلا گنج میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے اکھلیش یادو کا استقبال ہاتھ ہلا کر اور نعروں سے کیا۔
اترپردیش میں جلد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے عزم کے ساتھ سماجوادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو منگل کو سماج وادی پارٹی وجئے رتھ پر سوار ہوکر عوامی حمایت حاصل کرنے کے لئے نکل پڑے۔ سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کے وجئے رتھ کا استقبال کانپور میں گرمجوشی سے کیا گیا۔ شہر کی سرحد سے منسلک اناؤ کے شکلا گنج میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے اکھلیش یادو کا استقبال ہاتھ ہلا کر اور نعروں سے کیا۔ استقبال سے خوش ایس پی صدر نے بھی ان کا پرجوش جواب دیا۔ تقریباً ایک کلو میٹر لمبے گاڑیوں کے قافلے میں ایس پی لیڈر اور حامی پارٹی کا جھنڈا لہرا رہے تھے۔
اس دوران پولیس کو ٹریفک نظام کو سنبھالنے میں کافی مشقت کا سامنا کرنا پڑا وہیں کثیر بھیڑ میں کورونا وبا کے تئیں لاپرواہ دکھی۔ گنگا پل سے وجئے رتھ نوبستہ چوراہا پہنچا جہاں سے یاترا کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ نوبستہ اور آس پاس کےعلاقوں میں ایس پی کے بینر سے پٹے پڑے تھے اور لال ٹوپی لگائے کارکن پارٹی کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔
یاترا یہاں سے ہمیر پور کے لئے روانہ ہوگئی۔ وجئے رتھ دو بجے گھاٹم پور کے نویلی لگرائٹ، بجلی گھر پہنچے گا۔ شام پانچ بجے ایس پی کا وجئے رتھ بندیل کھنڈ میں ضلع ہمیر پور کی سرحد میں داخل ہو جائے گا۔ جہاں رات کا قیام کرے گا۔ اگلی صبح یعنی بدھ کی صبح ساڑھے نو بجے یاترا پھر سے رفتار پکڑے گی اور 11بجے ہمیر پور کے کرارا قصبے اور دوبے جالون کے کالپی پہنچے گا جہاں ایس پی سربراہ عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ شام چار بجے یاترا پنے اگلے پڑاؤ کانپور دیہات کے ماتی ہیڈکوارٹر پہنچے گی۔
دوسری طرف اترپردیش کے اقتدار سے بی جے پی کو بے دخل کرنے کے لئے سماج وادی نظریات کی پارٹیوں سے اتحاد کے عزم کے ساتھ پرگتی شیل سماج وادی پارٹی سربراہ اور اکھلیش یادو کے چچا شیوپال یادو نے منگل کو متھرا سے سماجی تبدیلی یاترا کا آغاز کیا۔
شیوپال یادو نے صبح ورنداون میں بانکے بہاری مندر میں پوجا پاٹ کیا اور بعد میں مندر کے سنتوں سے ملاقات کر کے ان کا حال چال جانا اور جدید سہولیات سے لیس پارٹی کی رنگ برنگی ڈیلکس بس میں سوار ہوگئے۔ بس میں ایس پی فاونڈر ملائم سنگھ یادو اور شیوپال کے ساتھ پارٹی جنرل سکریٹری آدتیہ یادو کی فوٹی لگی ہوئی ہے۔
یاترا شروع کرنے سے پہلے میڈیا نمائندوں سے مختصر بات چیت میں انہوں نے کہا کہ اترپردیش کے عوام مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی اور خاتون سیکورٹی جیسے تمام سلگتے مسائل سے پریشان ہیں۔ اس سے نجات اسی وقت مل سکتی ہے جب اقتدار پر قابض بی جے پی کا صفایا ہو۔ اس کے لئے سماجوادی نظریات کی پارٹیوں کو ایک اسٹیج پر آنا ہوگا۔ عوام کے لئے لڑی جانی والی اس لڑائی میں وہ سماج وادی پارٹی (ایس پی) کی کسی بھی پہل کا استقبال کریں گے اور ان کے لئے پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔