اوپینین پول منشیات کی طرح ’اوپیم پول‘ ہیں:اکھلیش
ایس پی سربراہ اکھیلیش یادو نے کہا کہ الیکشن کے بعدایس پی کی حکومت بننے پر’قانون کی حکمرانی‘ کے اصول پر عمل کیا جائےگا۔
سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے آئین پر منڈلاتے خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے ملکی باشندوں سے عملی و ترقی پسند سوچ کے ساتھ مثبت سیاست کو بڑھاوا دینے کا عزم کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا’ ہم اپنے اصول’قانون کی حکمرانی‘ کے تحت کارگر نظم ونسق کو بحال کرنے کے لئے غیر سماجی شرپسند عناصر اور موجودہ حکومت میں بے لگام ہوئی پولیس نظام میں سختی و ادارہ جاتی اصلاحات پھر سے پٹری پر لانے کے لئے سوفیصدی کمربستہ ہیں۔
اکھلیش نے اترپردیش میں اسمبلی الیکشن کے لئے پارٹی کی سابقہ اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پارٹی کارکنان کے نام ایک پیغام جاری کیا۔ اسے انہوں نے ملک میں مثبت سیاست کو روڈ میپ بتاتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے بعدایس پی کی حکومت بننے پر’قانون کی حکمرانی‘ کے اصول پر عمل کیا جائےگا۔ انہوں نے آگاہ بھی کیا’یہ ہمار عزم ہے کہ کسی کی بھی لاقانونیت ، کسی بھی شکل میں برداشت نہیں کی جائے گی‘۔
اکھلیش نے پیغام نامہ جاری کرتے ہوئے کہا’ آج آئین پر بحران کے بادل منڈلا رہے ہیں اور کچھ ایسی منفی طاقتیں حاوی ہورہی ہیں جو اپنے من مانی قانون سازی سے ملک کو چلانا چاہتی ہیں۔ آئیے! ملک اور ملکی باشندوں کے زندگی میں مثبت تبدیلی کے لئے ہم اس مثبت،ترقی پسند اور عملی سیاست کی جانب قدم بڑھائیں جو کسی ایک خاص طبقے کو نہیں بلکہ عوام الناس کو ساتھ لے کر بڑھتی ہے‘۔
انہوں نے اس عزم کی تکمیل کے لئے آنے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کئے گئے ایس پی کے انتخابی وعدوں کو کارگر ہتھیار بتایا اور کہا کہ جب کاروباریوں کو چھوٹ دی جاسکتی ہے تو عام عوام کوکیوں نہیں؟ ایس پی سربراہ نے کہا کہ 300یونٹ مفت بجلی، مفت سینچائی، سبھی فصلوں کے لئے ایم ایس پی، گنا کساانوں کو 15دنوں میں ادائیگی،بغیر سود کے قرض، انشورنش،پنشن،18ہزار روپئے سالانہ سماج وادی پنشن، طلبہ کو لیپ ٹاپ اور آئی ٹی شعبے میں 22لاکھ روزگار کے علاوہ ذات پر مبنی مردم شماری کے ذریعہ یہ عزم پورا ہوسکتا ہے۔
اس موقع پر ایس پی دفتر میں منعقد یوم جمہوریہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی کارکنوں کو آگاہ کیا کہ ایسی کوئی بات نہ تو کہی جائے اور نہ ہی ایسا کوئی کام کیا جائے جس سے پارٹی کی شبیہ کو نقصان پہنچے۔اکھلیش نے کہا کہ بی جےپی لیڈر اپنے بیانات سے ہمیں دوسری سمت میں لے جانا چاہتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر تمام افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ ہمیں اس سے محتاط رہنا ہے ۔
انہوں نے اوپینین پول پر ایک بار پھر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ منشیات کی طرح’اوپیم پول‘ ہے۔ اکھلیش نے کہا کہ یہ الیکشن عوام کا الیکشن ہے۔ اس کے نتیجے اوپینین پول سے نہیں عوام کریں گے۔ اس موقع پر ایس پی فاونڈر ملائم سنگھ یادو نے پرچم کشائی کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔