کورونا کی تیسری لہر کا اندیشہ، اکھاڑا پریشد نے کی ’کانوڑ یاترا‘ ملتوی کرنے کی اپیل

مہنت نریندر گری نے کانوڑ ایسو سی ایشنز سے بھی گزارش کی ہے کہ کانوڑ یاترا ملتوی کی جائے کیونکہ کووڈ-19 کا انفیکشن تو کم ہو گیا ہے، لیکن تیسری لہر کا اندیشہ بھی بہت زیادہ ہے۔

مہنت نریندر گری، تصویر آئی اے این ایس
مہنت نریندر گری، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

کورونا کی تیسری لہر کے خدشہ کو دیکھتے ہوئے اتراکھنڈ حکومت نے کانوڑ یاترا پر پابندی لگا دی ہے، لیکن اتر پردیش حکومت نے کانوڑ یاترا کو منظوری دے کر عدلیہ کے ساتھ ساتھ کئی لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے اب اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ بھلے ہی یو پی حکومت نے کانوڑ یاترا کو منظوری دے دی ہے لیکن وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

اکھاڑا پریشد کے سربراہ مہنت نریندر گری نے شیو بھکتوں سے کانوڑ یاترا ملتوی کرنے کی خصوصی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کانوڑ ایسو سی ایشنز سے بھی گزارش کی ہے کہ کانوڑ یاترا ملتوی کی جائے کیونکہ کووڈ-19 کا انفیکشن تو کم ہو گیا ہے، لیکن تیسری لہر کا اندیشہ بھی بہت زیادہ ہے۔ اگر کانوڑ یاترا نکلی تو کورونا انفیکشن ایک بار پھر تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ مہنت نے شیوبھکتوں سے کہا کہ وہ اپنے آس پاس کے شیوالیوں میں جا کر پوجا کریں یا پھر اپنے گھروں میں جزوقتی شیولنگ بنا کر پوجا کریں تاکہ کورونا کی تیسری لہر کو خطرناک ہونے سے بچایا جائے۔


مہنت نریندر گری نے یہ بھی کہا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھکتوں کو روایت کے مطابق کانوڑ یاترا کرنے کی اجازت دے دی ہے، لیکن اگلے مہینے میں پھر سے کووڈ-19 کی تیسری لہر کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس لیے کانوڑ یاترا نکالنا مناسب نہیں ہوگا۔ مہنت نریندر گری نے یہ بھی کہا کہ سبھی سپریم کورٹ کے احکام اور ریاستی حکومت کی گائیڈ لائن پر عمل کریں تاکہ حالات ایک بار پھر سے خراب نہ ہو جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔