’زرعی قوانین کو منظور کرانے میں اکالی دل اور بادل بھی برابر کے قصوروار!‘
شرومنی اکالی دل دہلی کے جنرل سکریٹری ہروندرسنگھ سرنا نے جمعرات کو کہا کہ زرعی قوانین کے پاس ہونے میں بی جے پی کے ساتھ ساتھ شرومنی اکالی دل (بادل) بھی برابر کے قصوروار ہیں
امرتسر: شرومنی اکالی دل دہلی (ایس اے ڈی ڈی) کے جنرل سکریٹری ہروندرسنگھ سرنا نے جمعرات کو کہا کہ زرعی قوانین کے پاس ہونے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ ساتھ شرومنی اکالی دل (بادل) بھی برابر کے قصوروار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اکالی دل (بادل) کی لیڈر ہرسمرت کور بادل کی رضامندی کے بعد ہی ان قوانین کو منظورکیا گیا۔
سرنا نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ اگرشرومنی اکالی دل (بادل) نے اعتراض ظاہرکیا ہوتا تو مرکز کی بی جے پی حکومت میں زرعی قانون منظورکرنے کی ہمت نہیں ہوتی۔ مرکزی کابینہ کے ذریعہ زرعی قانون کو منظوری دینے کے وقت ہرسمرت کور بادل بھی کابینہ میں تھیں۔
اتنا ہی نہیں قانون پاس ہونے کے وقت اکالی دل (بادل)نے قوانین کو بہت موثر بتایا تھا لیکن جب کسانوں نے اکالی لیڈران کے خلاف مورچہ کھولا تو اکالی دل (بادل) کی کورکمیٹی میں ان قوانین کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کسان حامی لیڈران کے دباو میں ہرسمرت کور بادل کو کابینہ سے استعفیٰ دینا پڑا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بادل خاندان نے ملک کا بڑانقصان کیا ہے۔ اس خاندان اور شرومنی اکالی دل(بادل) نے سکھ نظریے کو مٹانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔