مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے پہلے مہایوتی میں پھوٹ کے امکانات، اجیت پوار بلدیاتی انتخابات تنہا لڑنے کے موڈ میں
اجیت پوار نے کہا کہ جب بھی بلدیاتی انتخابات ہوں گے، سماج کے تمام طبقات سے نئے اور پرانے چہروں کو میدان میں اتارا جائے گا۔
مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات سے قبل حکمراں اتحاد یعنی مہایوتی میں پھوٹ پڑنے کے امکانات ہیں۔ ان رپورٹوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اتوار کو کہا کہ اتحادکے حلقے بشمول نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) بلدیاتی انتخابات تنہا لڑنے کے لیے آزاد ہیں۔
دراصل، پمپری چنچواڑ شہر میں این سی پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اکیلے الیکشن لڑنے سے کارکن مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی میں حلیف ہیں لیکن مہایوتی کے ممبران بلدیاتی انتخابات اکیلے لڑنے کے لئے آزاد ہیں۔
بلدیاتی اداروں میں میونسپل کونسل، نگر پنچایت اور ضلع پریشد شامل ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تاحال طے نہیں ہوا۔ حکمراں مہایوتی اتحاد میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا، بھارتیہ جنتا پارٹی اور اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی شامل ہیں۔
اجیت پوار نے کہا کہ جب بھی بلدیاتی انتخابات ہوں گے، سماج کے تمام طبقات سے 'نئے اور پرانے چہروں' کو میدان میں اتارا جائے گا۔ انہوں نے ہفتہ کو پونے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرد پوار کو بولنے سے روکنے سے انکار کیا۔ بارامتی کی ایم پی سپریہ سولے نے دعویٰ کیا تھا کہ اجیت پوار نے ان کے والد کی میٹنگ میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے بارے میں سوال پوچھنے پر اعتراض کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔