اجے ماکن نے 60 سال کی عمر میں کیا پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ، جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کی

کانگریس کے سینئر لیڈر اجے ماکن نے 60 برس کی عمر میں ہندوستانی شماریاتی ادارہ (آئی ایس آئی) کولکاتا سے ڈیٹا اینالیٹکس میں پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ مکمل کر لیا ہے، انہوں نے ایکس پر پوسٹ کر کے یہ اطلاع دی

<div class="paragraphs"><p>کانگریس لیڈر اجے ماکن / ویڈیو گریب</p></div>

کانگریس لیڈر اجے ماکن / ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اجے ماکن نے 60 برس کی عمر میں ہندوستانی شماریاتی ادارہ (آئی ایس آئی) کولکاتا سے ڈیٹا اینالیٹکس میں پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر پوسٹ کر کے یہ اطلاع دی۔ پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ یہ ان کے لیے ایک ذاتی سنگ میل ہے اور ان کی کوشش رہے گی کہ وہ اس کے ذریعے سیاست میں مزید معنی خیز تعاون پیش کریں۔

اجے ماکن نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’یہ سفر آسان نہیں تھا لیکن یہ بہت ہی اطمینان بخش تھا۔‘‘ ان کے مطابق، ان کا سیاسی سفر 19 سال کی عمر میں 1982 میں ہنس راج کالج میں بی ایس سی (کیمسٹری آنرز) کے طالب علم کی حیثیت سے شروع ہوا۔ انہوں نے 1983 میں این ایس یو آئی کے کیمپس یونٹ کے صدر کے طور پر انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور 1985 میں للت ماکن کی المناک موت کے بعد مکمل طور پر سیاست میں مصروف ہو گئے۔


اجے ماکن نے مزید کہا کہ 2020 میں، جب کورونا نے زندگیوں کو متاثر کیا، تو انہیں اپنی تعلیمی دلچسپیوں پر توجہ دینے کا موقع حاصل ہوا۔ انہوں نے خان اکیڈمی، ایڈ ایکس اور ڈیٹا کیمپ جیسے متعدد آن لائن تعلیمی پلیٹ فارمز کے ذریعے دوبارہ سیکھنا شروع کیا۔ انہوں نے الجبرا، احتمال، حساب، شماریات اور پائتھن و آر پروگرامنگ میں مہارت حاصل کی اور مختلف موضوعات میں ایک درجن سے زیادہ سرٹیفیکیٹس حاصل کیے۔

اجے ماکن نے آخر میں لکھا، ’’اب ایک معزز ادارے سے حاصل شدہ اس پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ کے ساتھ میرا سفر جاری رہے گا۔ شماریات، نمونہ سازی، ڈیٹا اینالیٹکس، اور مشین لرننگ جدید سیاسی آلات ہیں، جس کے ذریعے مجھے امید ہے کہ میں سیاست کے میدان میں زیادہ معنی خیز تعاون پیش کر سکوں گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔