فضائی آلودگی سے 12 سال تک کم ہو رہی ہے دہلی والوں کی عمر، رپورٹ میں چونکانے والا انکشاف
یونیورسٹی آف شکاگو کی انرجی پالیسی انسٹی چیوٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق دہلی ملک کے شمالی میدانی علاقوں میں سب سے آلودہ شہروں میں سے ایک ہے۔
دہلی میں فضائی آلودگی طویل عرصے سے ایک سنگین مسئلہ ہے لیکن اب اس نے اور بھی زیادہ خطرناک صورتحال اختیار کر لی ہے۔ جس کا انکشاف ایک رپورٹ میں ہوا ہے۔ ایئر کوالیٹی لائف انڈکس 2024 کی ایک رپورٹ نے سبھی کو چونکا دیا ہے جس کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سے قومی دارالحکومت میں رہنے والے لوگوں کی عمر میں 12 سال تک کی کمی آسکتی ہے۔ فکر کی بات یہ بھی ہے کہ دہلی میں رہنے والے 1.8 کروڑ لوگ فضائی آلودگی کے سبب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے گائیڈنس کے مقابلے میں اوسطاً 11.9 برس کی اپنی زندگی کو گنوانے کے دہانے پر ہیں۔
یونیورسٹی آف شکاگو (ای پی آئی سی) کی انرجی پالیسی انسٹی چیوٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق دہلی ملک کے شمالی میدانی علاقوں میں سب سے آلودہ شہروں میں سے ایک ہے۔ حکومت ہند کے قومی پیمانے کے مطابق اگر آلودگی کی موجودہ سطح اسی طرح جاری رہتی ہے تو باشندگان کی زندگی کی عمر میں 8.5 سال تک کی کمی آ جائے گی۔ ڈبلیو ایچ او کے اسٹینڈرڈس کے لحاظ سے اگر بات کی جائے تو یہاں رہنے والے لوگوں کی زندگی کی عمر میں 12 سال تک کی کمی آسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ایم (پارٹیکولیٹ میٹر) 2.5 ایک باریک ذرہ مادہ ہے جو سانس کے نظام میں گہرائی تک داخل کر سکتا ہے۔ یہ دہلی والوں کے سانس کے مسئلہ کو بڑھا سکتا ہے۔ یہ حالت صحت سے متعلق جوکھم کا اشارہ ہے۔ ہندوستان میں پی ایم 2.5 اسٹینڈرڈ 40 مائیکروگرام فی کیوبک میٹرک مقرر کیا گیا ہے پھر بھی 40 فیصد سے زیادہ آبادی اس حد سے زیادہ ہوا کے رابطہ میں ہیں۔ دہلی میں فضائی آلودگی کے تباہ کن صورتحال اختیار کر جانے کے بعد ضروری ہے کہ وقت رہتے اس سلسلے میں سخت فیصلے کیے جائیں اور دہلی کی حکومت پر سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔