دہلی میں فضائی آلودگی 'سنگین' سطح پر برقرار، 13 علاقوں میں اے کیو آئی 400 سے تجاوز
دہلی میں فضائی آلودگی سنگین زمرے میں برقرار ہے۔ 13 علاقوں میں اے کیو آئی 400 سے تجاوز کر گیا ہے، جن میں وزیر پور، بوانا اور این ایس آئی ٹی شامل ہیں، 7 دنوں تک اے کیو آئی 350 سے اوپر رہنے کا امکان ہے
دہلی میں فضائی آلودگی سے لوگوں کو فی الحال راحت ملتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ اب یہاں دم گھٹنے لگا ہے اور زہریلی ہوا میں سانس لینے سے صحت کے لیے شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ بدھ کو لگاتار چوتھے دن بھی یہاں کی حالت 'سنگین' زمرے کے قریب ہی رہی۔ حالانکہ مجموعی طور سے دیکھا جائے تو یہ 'انتہائی خراب' زمرے میں درج کیا گیا۔ آج صبح میں وزیر پور کا اے کیو آئی 421، بوانا کا 409، نیو موتی باغ کا 378 اور این ایس آئی ٹی کا 444 درج کیا گیا۔
وہیں منگل کو تیسرے دن بھی دہلی میں فضائی آلودگی میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی تھی۔ اس موسم کے پہلے کہرے کے درمیان اے کیو آئی 373 درج کیا گیا۔ تشویش کی بات یہ رہی کہ 13 میں سے زیادہ تر ہاٹ اسپاٹ پر اے کیو آئی 400 کو تجاوز کر چکا ہے یعنی 'سنگین' زمرے میں ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے ذریعہ جاری ایئر کوالیٹی بلیٹن کے مطابق منگل کو راجدھانی کا اے کیو آئی 373 رہا۔ ایک دن پہلے سوموار کو یہ 381 اور اتوار کو 382 تھا۔ پورے شہر کے 8 اسٹیشنوں پر دوپہر ایک بجے سے فضائی آلودگی کی سطح سنگین زمرے (اے کیو آئی 400 سے زیادہ) تک پہنچ چکی تھی۔ ان مقامات میں آنند وِہار، اشوک وِہار، بوانا، مُنڈکا، نیو موتی نگر، جہانگیر پوری، وزیر پور اور وویک وِہار شامل تھے۔
ایئر کوالیٹی ارلی وارننگ سسٹم کے مطابق اگلے سات دنوں کے لیے اے کیو آئی لگاتار 350 سے اوپر رہنے کا امکان ہے۔ کبھی کبھی یہ 400 سے بھی تجاوزکر سکتا ہے اس لیے افسروں کو ان ریاستوں میں پرالی جلانے پر سختی سے روک لگائے جانے کی ضرورت۔ اس کے علاوہ افسروں کو یہ بھی یقینی کرنا چاہیے کہ ٹرانسپورٹ اور دھول سے ہونے والے اخراج کو روکنے کے لیے گریپ کے تحت اقدامات کو سختی سے نافذ کیا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔