فضائی آلودگی: پرالی جلانے سے پنجاب کے کئی شہروں کی ہوا ہوئی خراب، دہلی میں بھی صورتحال جوں کی توں برقرار
پنجاب کے کئی شہروں میں ہوا کے معیار میں گراوٹ سے سانس لینے میں دقت ہو رہی ہے۔ بھٹنڈا، منڈی، گوبند گڑھ اور روپڑ میں اے کیو آئی 400 سے تجاوز کر چکا ہے۔
سخت انتباہ کے باوجود گزشتہ کچھ دنوں سے پرالی کو آگ لگانے کے واقعات کی وجہ سے پنجاب کے کئی شہروں میں ہوا کا معیار خراب حالت میں ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ اس وجہ سے کھلے میں سانس لینا بھی لوگوں کی صحت کے لیے نقصاندہ ہونے لگا ہے۔ حالات ایسے ہیں کہ اتوار کو بھٹنڈا، منڈی گوبند گڑھ اور روپڑ میں اے کیو آئی 400 سے زیادہ 'انتہائی خراب' ریکارڈ کیا گیا۔ امرتسر اور لدھاینہ میں بھی اے کیو آئی خراب حالت میں پہنچ گیا ہے۔ امرتسر، جالندھر، کھنہ، لدھیانہ، منڈی گوبند گڑھ، پٹیالہ اور روپ نگر کا اوسط اے کیو آئی 200 سے زیادہ درج کیا گیا ہے جو کہ 'خراب' کے زمرے میں مانا جاتا ہے۔
اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو گزشتہ پانچ دنوں سے زیادہ تر ضلعوں میں اوسط اے کیو آئی 200 سے زیادہ ہے۔ راجدھانی چنڈی گڑھ میں آلودگی ہفتہ کے مقابلے میں پھر بڑھ گئی ہے۔ اتوار کو گرین سٹی چنڈی گڑھ کی آلودہ ہوا کی سطح 353 اور دہلی کی 346 درج کی گئی ہے۔
وہیں دوسری طرف راجدھانی دہلی ابھی بھی آلودگی کی لپیٹ میں ہے۔ شہر کی ہوا سے لوگوں کا دم گھٹنے لگا ہے۔ اے کیو آئی کی سطح میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے، جس سے دہلی والے کافی پریشان ہو گئے ہیں۔ دہلی این سی آر کے علاقے میں ہوا کے معیار میں لگاتار گراوٹ درج کی جا رہی ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق پیر کو بھی ہوا کا معیار انتہائی خراب زمرے میں رہا۔ صبح میں دہلی کا اوسط اے کیو آئی 346 درج کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی میں بڑھتی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے دہلی حکومت نے جمعہ کو شہر کے آنند وِہار علاقے میں تجرباتی طور پر ڈرون سے پانی کا چھڑکاؤ کیا۔ آنند وِہار شہر کے سب سے زیادہ آلودہ علاقوں میں سے ایک ہے۔ اس دوران دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ سب سے زیادہ آلودہ علاقوں میں اے کیو آئی شہر کی اوسط سطح سے زیادہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔