ایئر انڈیا ایکسپریس نے اپنے عملے سے معاہدہ کیا، 25 ارکان کی برطرفی واپس لی
ایئر انڈیا ایکسپریس نے عملے کے 25 ارکان کو بھیجے گئے برطرفی کے لیٹر واپس لینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ عملے کے ارکان نے بھی اپنی ہڑتال ختم کر دی ہے۔
ایئر انڈیا ایکسپریس نے اپنے عملے کے ارکان کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔ ایئر لائن نے عملے کے 25 ارکان کو بھیجے گئے برطرفی کے لیٹر واپس لینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ایئر لائن کے عملے کے ارکان نے بھی اپنی ہڑتال ختم کر دی ہے۔ ایئر انڈیا کے عملے کے ارکان نے تنخواہ، الاؤنس اور کام کے حالات سے متعلق اپنے مطالبات کے ساتھ ہڑتال شروع کی تھی۔
عملے کے ارکان اور انتظامی ارکان کی میٹنگ چیف لیبر کمشنر (سی ایل سی) کے دفتر میں ہوئی۔ میٹنگ میں ایئر انڈیا ایکسپریس کے چیف آفیسر اور چار دیگر افراد اور عملے کے 20 سے زیادہ سینئر ممبران موجود تھے۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس اور عملے کی میٹنگ کے بعد، بھارتیہ مزدور سنگھ کے سکریٹری گریش چندر آریہ نے کہا، "چیف لیبر کمشنر نے ہمیں ایئر انڈیا ایکسپریس کے بحران میں مفاہمت کی کارروائی کے لیے بلایا تھا۔ عملے کے اراکین کے تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘‘
واضح رہے کہ عملے کے رکن نے اچانک بیمار ہونے کا دعویٰ کیا جس کی وجہ سے تقریباً 85 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایئر انڈیا ایکسپریس نے بدھ (8 مئی) کو تکلیف کے لیے معذرت کی تھی۔ شہری ہوا بازی کی وزارت نے اس معاملے میں ایئر انڈیا ایکسپریس سے تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔ اس مسئلہ کو فوری حل کرنے کی درخواست کی گئی۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس اور ان کے عملے کے درمیان جاری مفاہمتی عمل میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کو بھی فریق بنایا گیا ہے تاکہ مختلف قواعد کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا سکیں۔ رپورٹ کے مطابق ڈی جی سی اے کو مفاہمت کے عمل میں فریق بنانے کی اطلاع ریجنل لیبر کمشنر نے گزشتہ ہفتے بھیجی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔