فضائیہ کا جنگی طیارہ ’تیجس‘ جیسلمیر میں حادثہ کا شکار، لمحہ بھر میں بن گیا آگ کا گولہ
واقعہ کے بعد پائلٹ بڑی مشکل سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے، ایک پائلٹ کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے، اس حادثہ کی وجہ کا پتہ لگانے کے لیے کورٹ آف انکوائری تشکیل دے دی گئی ہے۔
ہندوستانی فضائیہ کا جنگی طیارہ ’تیجس‘ آج راجستھان کے جیسلمیر میں حادثہ کا شکار ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ منگل کے روز جب ’تیجس‘ کے ساتھ جنگی تربیت جاری تھی تبھی اچانک حادثہ پیش آیا اور بڑی مشکل سے پائلٹ اس سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔ ایسی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں کہ وقت پر پیراشوٹ نہیں کھلنے کے سبب ایک پائلٹ زخمی ہے۔ اس حادثہ کے بعد تیجس دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے گولہ میں تبدیل ہو گیا۔
فضائیہ نے اس حادثہ سے متعلق ایک بیان جاری کیا ہے جس میں واقعہ کے تعلق سے اہم جانکاری دی گئی ہے۔ فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’ہندوستانی فضائیہ کا ایک تیجس طیارہ جیسلمیر میں آج ایک آپریشنل ٹریننگ پرواز کے دوران حادثہ کا شکار ہو گیا۔ پائلٹ حفاظت کے ساتھ نکل گئے۔ حادثہ کی وجہ کا پتہ لگانے کے لیے کورٹ آف انکوائری کی تشکیل کی گئی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ تیجس فضائیہ کا ایک ہلکا جنگی طیارہ (ایل سی اے) ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جنگی تربیت کے دوران یہ حادثہ جواہر کالونی کے پاس پیش آیا۔ ٹریننگ کے دوراھ بھیل ہاسٹل کے پاس طیارہ کے حادثہ کا شکار ہونے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ اچھی بات یہ رہی کہ اس میں سوار دونوں پائلٹس کی جان بچ گئی ہے۔ ایک پائلٹ زخمی ضرور ہے، لیکن اس سے متعلق فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آ سکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔