دہلی حکومت ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں پر پابندی کا حکم واپس لے: اے آئی ایم ٹی سی
حکومت کےاس حکم سے دہلی میں بہت سی اشیاء کی قلت ہو جائے گی اور لوگوں کو شادی بیاہ اور تہواروں کے سیزن میں بہت سی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس (اے آئی ایم ٹی سی) نے ڈیزل سے چلنے والی درمیانی اور بھاری گاڑیوں کے دہلی میں داخلے پر پابندی کے حکم کی مخالفت کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
آل انڈیا ٹرانسپورٹ کانگریس کے چیئرمین کے. ایس اٹوال نے کہا کہ دہلی حکومت کے تغلقی فرمان کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے دارالحکومت دہلی بھیجے گئے تقریباً 150 ٹرک دہلی سرحد پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پابندی کے باعث ممبئی، چنئی، کولکاتہ وغیرہ جیسے بڑے شہروں سے سامان لے کر دہلی آنے والے تقریباً ایک ہزار ٹرک اگلے ایک ہفتے تک دہلی کی سرحد پر پھنس جائیں گے۔
مسٹر اٹوال نے کہا کہ لمبی دوری کے سامان ڈھونے والے ٹرک صرف ڈیزل پر ہی چلتے ہیں کیونکہ حکومت نے ان گاڑیوں کو سی این جی یا الیکٹرک موڈ پر چارج کرنے کا کوئی انتظام نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکم سے دارالحکومت دہلی میں بہت سی اشیاء کی قلت ہو جائے گی اور لوگوں کو شادی بیاہ اور تہواروں کے سیزن میں بہت سی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور دہلی کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ جائے گا اور لوگ ہمسایہ ریاستوں سے خریداری کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔