لکھنؤ میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کی انتہائی اہم میٹنگ،بابری مسجد اور طلاق ثلاثہ پر گفتگو

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

درالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ میں آج آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی انتہائی اہم میٹنگ ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس میٹنگ کی صدارت مولانا رابع حسنی ندوی کر رہے ہیں جو کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر اور دارالعلوم ندوۃ العلماء کے اعزازی چانسلر ہیں۔ میٹنگ سے قبل بورڈ کے رکن خالد رشید فرنگی محلی نے ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں اس میٹنگ میں اٹھائے جانے والے ایشوز کے تعلق سے تفصیل بتائی گئی ہے۔

ویڈیو میں مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے بتایا کہ ’’میٹنگ میں بابری مسجد کیس کے بارے میں گفتگو ہوگی اور سپریم کورٹ میں چل رہے اس کیس میں اب تک کے ڈیولپمنٹ کو سب کے سامنے رکھا جائے گا۔ کیس سے متعلق مسلم پرسنل لاء بورڈ کی آئندہ کی پالیسی کے بارے میں بھی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مسلم پرسنل لاء بورڈ کی میٹنگ میں مسلمانوں کے تعلق سے دیگر کئی اہم ایشوز کو بھی زیر غور لایا جائے گا۔‘‘


میٹنگ کے بارے میں خالد رشید فرنگی محلی نے یہ بھی بتایا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے طلاق ثلاثہ قانون کو موضوعِ بحث لایا جائے گا اور اس کے اہم نکات پر غور و خوض ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ’’طلاق ثلاثہ قانون ایک بڑا مسئلہ ہے جس پر بات ہوگی اور اسلامی شریعت میں مسلم خواتین کو جو حقوق دیئے گئے ہیں، اس کے ذریعہ مسلم خواتین کو خود مختار بنانے سے متعلق منصوبہ بندی کی جائے گی۔‘‘ مولانا خالد رشید نے میٹنگ میں یونیفارم سول کوڈ اور دیگر مسلم ایشوز پر بھی بات کیے جانے کی بات کہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Oct 2019, 12:08 PM