ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا کی مدت کار میں تین ماہ کی توسیع

وزیر اعظم کی صدارت والی کابینہ کی تقرری کمیٹی نے مرکزی وزارت صحت سے ایمس کے ڈائریکٹر عہدہ کے لیے مزید ناموں پر غور کرنے کو کہا ہے۔

ڈاکٹر رندیپ گلیریا، تصویر آئی اے این ایس
ڈاکٹر رندیپ گلیریا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) دہلی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا کی مدت کار جمعرات کو تین ماہ کے لیے بڑھا دی گئی ہے۔ ایمس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ڈائریکٹر، ایمس کو ایمس ڈائریکٹر کی شکل میں ان کی (گلیریا) مدت کار کو 25 جون 2022 سے تین ماہ یا نئے ڈائریکٹر کی تقرری کے وقت، جو بھی پہلے ہو، کو آگے بڑھاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔‘‘

بتایا جاتا ہے کہ ان کی تقرری کی دیگر شرائط و ضوابط ادارے کے قوانین کے مطابق ہوں گی۔ ڈاکٹر گلیریا کی مدت کار پہلے بھی اسی سال 25 مارچ کو تین ماہ کے لیے بڑھائی گئی تھی۔ ایک ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی صدارت والی کابینہ کی تقرری کمیٹی نے مرکزی وزارت صحت سے ایمس کے ڈائریکٹر عہدہ کے لیے مزید ناموں پر غور کرنے کو کہا ہے۔


اس سال مارچ میں ایک کمیٹی کے ذریعہ چنے گئے اور بعد میں ایمس کے سرکردہ فیصلہ لینے والے باڈی کے ذریعہ مجوزہ تین ڈاکٹرس کے نام آخری منظوری کے لیے اے سی سی کو بھیجے گئے تھے۔ وزارت برائے پرسونل، عوامی شکایت و پنشن پرسونل و ٹریننگ محکمہ کے ذریعہ 20 جون کو مرکزی وزارت صحت کو بھیجے گئے ایک آفس آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ’’اے سی سی میں اہل افسر نے اے سی سی کے غور و خوض کے لیے ناموں کا ایک وسیع پینل بھیجنے کی گزارش کے ساتھ فوری تجویز واپس کرنے کی ہدایت دی ہے۔‘‘

ایمس کے جن تین ڈاکٹروں کے ناموں کی سفارش پہلے کی گئی تھی، وہ تھے اینڈوکرنولوجی محکمہ کے چیف نکھل ٹنڈن، ایمس ٹراما سنٹر اور امراض ہڈی محکمہ کے چیف راجیش ملہوترا اور گیسٹرواینٹرولوجی محکمہ میں پروفیسر پرمود گرگ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔