عظیم ہندوستان کی تعمیروترقی تمام ہندوستانیوں کی اہم ذمہ داری:مولانا اصغر امام
یوم جمہوریہ کے موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث کمپلیکس میں مولانا اصغر امام نے اپنے خطاب میں آئین کی پاسداری اور احترام کرنے پر زور دیا ۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے اس وسیع کمپلیکس میں دیگر ہندوستانیوں کی طرح یوم جمہوریہ کی تقریب سعید اور بزم جمیل منعقد کرکے یہ پیغام دیا ہے اور یاددلایا ہے کہ اس عظیم اور خوبصورت ہندوستان کی طرح اس کا آئین بھی عظیم اور خوب صورت ہے۔سارے ہندوستانی جس طرح یہ جشن مناکر یادوں کو تازہ اور حوصلوں اور ولولوں کو جلا بخشتے ہیں اسی طرح ہم سب مل کر عہد کرتے ہیں کہ اس عظیم ہندوستان کے اتحاد اور اخوت وبھائی چارہ کی حفاظت اور عظیم آئین کی مکمل پاسداری اور احترام کرتے رہیں گے۔ہم خوب صورت گنگا جمنی تہذیب کے مالک ہیں ۔ہم اس تہذیب کی حفاظت اور ملک کی تعمیر وترقی میں نمایاں کردار اداکرتے رہیں گے ،تاکہ ہمارے اسلاف نے جس آزاد اور عظیم ہندوستان کے لیے عظیم قربانیاں دی تھیں اور جو خواب دیکھا تھا وہ شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ان خیالات کا اظہارمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے کیا ۔موصوف یوم جمہوریہ کے موقع پر اہل حدیث کمپلیکس اوکھلا ،نئی دہلی میں واقع المعہدالعالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ میں پرچم کشائی کے بعد حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔
مولانا نے اپنے خطاب میں کہا ’’ یقیناًآج کے دن ہر ہندوستانی خواہ وہ دنیا کے کسی بھی خطے میں ہوبہت شاداں وفرحاں ہے کہ اس کی زندگی کی بہاروں میں سے ایک بڑا موسم بہار 70واں یوم جمہوریہ کی شکل میں اسے نصیب ہوا ہے۔اس کے لیے میں تمام ہم وطن بھائی بہنو ں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔
انہوں نے مزیدکہاکہ اس دور کا سب سے بڑا چیلنج اور سازش دہشت گردی ہے جو ہمارے پیارے ملک میں بھی گھسنا چاہتی ہے۔آئیے ہم عزم کریں کہ ہم اعلی اخلاقی قدروں اور سماجی برتری برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے مذاہب پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اور امن وقانون کی پیروی کرتے ہوئے دہشت گردی اور تشددکا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔تاکہ اس ناپاک ناسور کا نام ونشان تک باقی نہ رہے۔
اس موقع مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آج تمام ہندستانیوں کے لیے بڑی خوشی کا دن ہے۔ہم ہر یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کے موقعے پر تقریب منعقد کرکے یہ پیغام عام کرتے ہیں کہ ہمیں وطن سے محبت ہے اور ہم دل سے گاتے ہیں کہ سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔