کرناٹک اسمبلی انتخاب سے قبل انکم ٹیکس محکمہ کی بنگلورو اور میسورو میں چھاپہ ماری، 15 کروڑ روپے اور زیورات ضبط
بنگلورو کے شانتی نگر، کاکس ٹاؤن، شیواجی نگر، آر ایم وی ایکسٹینشن، کنگھم روڈ، سداشیو نگر، کمار پارک ویسٹ اور فیئرفیلڈ لے آؤٹ میں چھاپہ ماری کی کارروائی کی گئی۔
کرناٹک اسمبلی انتخاب سے قبل انکم ٹیکس محکمہ نے بنگلورو اور میسورو میں چھاپہ ماری کر بڑے پیمانے پر نقدی اور زیورات ضبط کیے ہیں۔ انکم ٹیکس محکمہ نے 10 مئی کو کرناٹک اسمبلی انتخاب میں امیدواروں کو رقم مہیا کرانے کے لیے مبینہ طور سے وسائل کا انتظام کرنے والے کچھ فائنانسرز کے یہاں چھاپہ ماری کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چھاپہ ماری بنگلورو اور میسورو میں کئی مقامات پر کی گئی جس میں 15 کروڑ روپے نقد اور 5 کروڑ روپے کے زیورات ضبط کیے گئے ہیں۔
انکم ٹیکس محکمہ نے ہفتہ کے روز اس چھاپہ ماری سے متعلق جانکاری دی۔ تصور کیا جا رہا ہے کہ اس کا استعمال انتخاب سے پہلے ووٹرس کو لبھانے کے لیے کیا جانا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کو بنگلورو کے شانتی نگر، کاکس ٹاؤن، شیواجی نگر، آر ایم وی ایکسٹینشن، کنگھم روڈ، سداشیو نگر، کمار پارک ویسٹ اور فیئرفیلڈ لے آؤٹ میں چھاپہ ماری کی کارروائی کی گئی۔ اس کارروائی میں کئی خفیہ مقامات سے بڑی مقدار میں بے حساب نقدی اور زیورات ضبط کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کرناٹک انتخاب سے قبل ریاست میں بڑے پیمانے پر ایجنسیاں ہر طرح کی سرگرمی پر سختی سے نظر رکھ رہی ہیں۔ اس سے پہلے بھی ریاست میں انتخاب سے جڑے پیسے ضبط کیے جا چکے ہیں۔ کرناٹک میں 10 مئی کو اسمبلی انتخاب ہونا ہے، اس سے پہلے سبھی پارٹیاں اپنی جیت کے لیے ووٹرس کو لبھانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔